بیلتنگڈی ، 12/ نومبر (ایس او نیوز)آج صبح سویرے کلمانجا گاؤں کے علاقے نیڈیگل میں نیشنل ہائی وے 73 پر ایک کار سڑک سے اتر کر تقریباً 15 فٹ گہری کھائی میں گرنے کے ساتھ الٹ گئی ۔ گاڑی میں سوار چھ افراد میں سے پانچ زخمی ہو گئے، جنہیں علاج کے لیے اجیرے (Ujire) کے ایک نجی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ بتایا گیا ہے کہ تمام زخمی اب خطرے سے باہر ہیں۔
حادثے کا شکار ہوئی کار میں بیلگاوی سے تعلق رکھنے والے افراد سوار تھے ۔ یہ لوگ نیشنل ہائی وے پر چارمڈی سے اجیرے کی جانب جا رہے تھے ۔ نیڈیگل کے قریب پہنچ کر ڈرائیور گاڑی پر سے کنٹرول کھو بیٹھا جس کے نتیجے میں گاڑی سڑک کے انتہائی دائیں جانب مڑ گئی اور سڑک کنارے موجود کھائی میں گرنے کے ساتھ الٹ گئی ۔ کار کے الٹ جانے کی وجہ سے اس میں سوار افراد زخمی ہو گئے ۔
حادثے کے مقام پر ہائی وے کی تعمیر کا کام جاری ہے جہاں سڑک کے کنارے ایک گہری کھائی موجود ہے۔ لیکن اس خطرناک حصے پر گاڑیوں کو سڑک سے اتر کر کھائی میں گرنے سے روکنے کے لیے حفاظتی رکاوٹیں لگانے کا کام ابھی تک مکمل نہیں کیا گیا ہے۔
مقامی رہائشیوں نے حفاظتی انتظامات کی کمی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی غفلت حادثات کو دعوت دینے کے مترادف ہے ۔
کار کے کھائی میں گرتے ہی مقامی لوگ موقع پر پہنچ گئے ۔ انہوں نے زخمیوں کو باہر نکالا اور انہیں ہسپتال پہنچانے میں مدد کی ۔
خوش قسمتی سے، کار کے گہری کھائی میں الٹ جانے کے باوجود، اس میں سوار تمام چھ افراد ایک بڑے سانحے سے محفوظ رہے ۔