ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنگلورو میں اقلیتوں، دلتوں اور کسانوں کا احتجاج؛ کانگریس حکومت سے انتخابی وعدے پورے کرنے کا مطالبہ

بنگلورو میں اقلیتوں، دلتوں اور کسانوں کا احتجاج؛ کانگریس حکومت سے انتخابی وعدے پورے کرنے کا مطالبہ

Thu, 12 Nov 2026 20:29:20    S O News
بنگلورو میں اقلیتوں، دلتوں اور کسانوں کا احتجاج؛ کانگریس حکومت سے انتخابی وعدے پورے کرنے کا مطالبہ

بنگلورو، 12 نومبر (ایس او نیوز): کرناٹک میں کانگریس حکومت کی جانب سے 2023 کے اسمبلی انتخابات کے دوران مسلمانوں، عیسائیوں، دلتوں اور دیگر پسماندہ طبقات سے کیے گئے اہم وعدوں کو پورا نہ کیے جانے کے خلاف جمعرات کو بنگلورو کے فریڈم پارک میں مختلف سماجی اور مذہبی تنظیموں کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ ’’کرناٹک میں اقلیتوں اور پسماندہ طبقات کی آواز‘‘ (Voice of Minorities and the Oppressed Sections of Karnataka) کے زیر اہتمام منعقدہ اس احتجاج میں مسلم اور عیسائی مذہبی رہنماؤں کے علاوہ دلت، کسان، مزدور، انسانی حقوق اور سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کرتے ہوئے حکومت سے اپنے انتخابی وعدوں پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا۔

مظاہرین نے سابقہ بی جے پی حکومت کے دور میں منظور کیے گئے انسدادِ تبدیلی مذہب قانون اور انسدادِ گئو ہتھیا قانون کو واپس لینے، مسلمانوں کے لیے سابقہ 2B ریزرویشن زمرے کو بحال کرنے، اقلیتوں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر اور جرائم پر مؤثر کارروائی کے لیے سخت اقدامات کرنے جیسے اہم مطالبات پیش کیے۔ اس کے علاوہ گئو رکشا کے نام پر تشدد روکنے، کسانوں، مویشیوں کے تاجروں، نقل و حمل سے وابستہ افراد اور مزدوروں کے روزگار کا تحفظ کرنے اور شہریوں کے غذائی انتخاب کے حق کو برقرار رکھنے پر بھی زور دیا گیا۔

احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے بنگلورو کے آرچ بشپ ڈاکٹر پیٹر مچادو نے کہا کہ سابقہ بی جے پی حکومت کی جانب سے منظور کردہ انسدادِ تبدیلی مذہب قانون مذہبی اقلیتوں کے بنیادی حقوق اور آئین کی دفعہ 25 کے تحت حاصل مذہبی آزادی سے متصادم ہے۔ کانگریس نے انتخابات کے دوران اس قانون کو واپس لینے کا وعدہ کیا تھا، لیکن اب تک اس پر عمل نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتیں آئین میں دیے گئے حقوق سے زیادہ کچھ نہیں مانگ رہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ کوئی سیاسی یا مذہبی اجلاس نہیں بلکہ سماجی طور پر دبے کچلے اور اپنے حقوق سے محروم طبقات کی مشترکہ آواز ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی ادارے تعلیمی مراکز اور اسپتالوں کے ذریعے سماج کے تمام طبقات کی خدمت کررہے ہیں اور انہیں ملک میں دوسرے درجے کے شہریوں کی حیثیت سے نہیں دیکھا جانا چاہیے۔ آرچ بشپ نے کانگریس قیادت کو متنبہ کیا کہ انتخابی وعدوں کی تکمیل ہی عوام کے اعتماد کو برقرار رکھنے کی بنیاد ہے اور آئندہ انتخابات میں بھی عوام اسی بنیاد پر حکومت کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔

کرناٹک مسلم اوکوٹا کے کنوینر یاسین ملپے نے اپنے افتتاحی خطاب میں کانگریس حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت انتخابی مہم کے دوران اعلان کردہ پانچ گارنٹی اسکیموں کو نافذ کرنے میں دلچسپی دکھا رہی ہے، لیکن اقلیتوں، دلتوں اور کسانوں سے کیے گئے اہم وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس رہنماؤں کے لیے محض اپنی تقریروں میں آئین کا ذکر کرنا کافی نہیں ہے بلکہ انہیں آئین کی جانب سے دیے گئے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے عوام کے حقوق کا تحفظ بھی کرنا چاہیے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے ان مطالبات کو نظر انداز کیا تو متاثرہ طبقات خاموش نہیں بیٹھیں گے بلکہ اجتماعی طور پر آئندہ جدوجہد کا لائحہ عمل طے کریں گے۔

منتظمین کے مطابق انسدادِ تبدیلی مذہب قانون کی منسوخی کا معاملہ کانگریس کے انتخابی منشور میں شامل تھا۔ اسی طرح مسلمانوں کے 2B ریزرویشن کی بحالی اور گئو ہتھیا قانون کی واپسی بھی ان اہم وعدوں میں شامل ہیں جن کی تکمیل کا مطالبہ مسلسل کیا جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان معاملات پر کابینہ کی سطح پر فیصلوں اور انتخابی یقین دہانیوں کے باوجود عملی پیش رفت نہ ہونا اقلیتوں اور پسماندہ طبقات میں مایوسی پیدا کررہا ہے۔

احتجاجی رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ دسمبر میں بیلگاوی میں منعقد ہونے والے ریاستی اسمبلی کے سرمائی اجلاس کے دوران ان مطالبات پر واضح اور ٹھوس فیصلے کیے جائیں اور ان پر عمل درآمد کے لیے مقررہ مدت کا اعلان کیا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر سرمائی اجلاس میں بھی وعدوں کی تکمیل کے سلسلے میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی تو ریاست بھر میں کانگریس حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔

واضح رہے کہ یہ احتجاج مختلف طبقات کی جانب سے کانگریس حکومت کو انتخابی وعدے یاد دلانے کی ایک مشترکہ کوشش تھی، جس میں مذہبی آزادی، سماجی مساوات، اقلیتی حقوق اور پسماندہ طبقات کے معاشی تحفظ کو بنیادی اہمیت دی گئی۔

مظاہرے میں بینگلور کے ساتھ ساتھ بھٹکل، کنداپور، اڈپی اور مینگلور سمیت ریاست کے مختلف اضلاع سے بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔


Share: