ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل ریلوے اسٹیشن پر رکن پارلیمان کاگیری کے ہاتھوں ایئر کنڈیشنڈ لاؤنج کا افتتاح

بھٹکل ریلوے اسٹیشن پر رکن پارلیمان کاگیری کے ہاتھوں ایئر کنڈیشنڈ لاؤنج کا افتتاح

Sat, 07 Nov 2026 17:47:47    S O News
بھٹکل ریلوے اسٹیشن پر رکن پارلیمان کاگیری کے ہاتھوں ایئر کنڈیشنڈ لاؤنج کا افتتاح

بھٹکل، 7 نومبر (ایس او نیوز): اُترکنڑا کے رکن پارلیمان وشویشور ہیگڈے کاگیری نے بھٹکل ریلوے اسٹیشن پر ایئر کنڈیشنڈ لاؤنج کا افتتاح کرنے کے بعد کہا کہ مرکزی حکومت کونکن ریلوے کی جامع ترقی کے لیے پُرعزم ہے اور اس مقصد کے تحت 7 ہزار کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران ریلوے کی مختلف بنیادی سہولتوں کی ترقی پر تقریباً 10 کروڑ روپے خرچ کیے گئے ہیں۔ اس کے تحت کمٹہ، بھٹکل اور گوکرن ریلوے اسٹیشنوں کے پلیٹ فارموں کو توسیع دے کر بہتر بنایا گیا ہے، جبکہ مرڈیشور اسٹیشن پر معیاری بیت الخلا کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

کاگیری نے کہا کہ کونکن ریلوے کا راستہ تقریباً 35 سال پرانا ہوچکا ہے اور بڑھتے ہوئے ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے اسے جدید خطوط پر استوار کرنا ضروری ہے۔ وندے ماترم سمیت متعدد ٹرینیں اسی راستے سے گزرتی ہیں، اس لیے ٹرینوں کی آمدورفت اور اسٹاپیج کے لیے مزید گنجائش پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

کونکن ریلوے کو انڈین ریلوے میں ضم کرنے کی کوشش
انہوں نے کہا کہ کونکن ریلوے اگرچہ اب دوبارہ منافع بخش راستے پر لوٹ رہی ہے، تاہم مستقبل کی ترقی کے پیش نظر اسے انڈین ریلوے میں ضم کرنے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔ اس سلسلے میں منگلورو کے رکن پارلیمان کیپٹن برجیش چوٹا اور اُڈپی کے رکن پارلیمان کوٹا سرینواس پجاری کے ساتھ مل کر وزیر اعظم کے سامنے تجویز پیش کی گئی ہے۔

کاگیری کے مطابق اس منصوبے کو عملی شکل دینے کے لیے مہاراشٹرا، گوا اور کیرالا کو بھی ساتھ لے کر چلنا ہوگا، تاہم اس عمل میں بعض تکنیکی رکاوٹیں درپیش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک انضمام کا عمل مکمل نہیں ہوتا، کونکن ریلوے کی ترقی کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ اسی مقصد کے تحت مرکزی حکومت نے 7 ہزار کروڑ روپے کا فنڈ جاری کیا ہے۔

اس موقع پر کونکن ریلوے کی ڈویژنل منیجر آشا شیٹی، گوا ڈویژن کے چیف منیجر وجے کمار، پبلک ریلیشن آفیسر سدھا کرشن مورتی، ڈویژنل انجینئر گجانن بنٹ، کمرشیل ڈویژنل منیجر جی ڈی مینا کے علاوہ بھٹکل کے بی جے پی لیڈران گووند نائک، ایشور نائک، لکشمی نارائن نائک، شیوَانی شانتا رام، سبرائے ہیبلے، شری کانت نائک، سرینواس نائک، روی نائک، گنپتی دیواڈیگا، امیش نائک، کرشن مورتی بھٹ اور دیگر موجود تھے۔

ایس آئی آر کے نام پر ملک میں افراتفری پیدا کرنے کی کوشش: کاگیری
ایک الگ بیان میں رکن پارلیمان وشویشور ہیگڈے کاگیری نے کانگریس پر الزام لگایا کہ وہ ایس آئی آر (خصوصی جامع نظرثانی) کے نام پر ملک میں افراتفری پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایس آئی آر کے نتیجے میں ملک کے کسی بھی شہری کا حقِ رائے دہی ختم نہیں ہوا ہے اور کانگریس عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی کی قیادت میں کانگریس کا سپریم کورٹ تک مارچ کرنا ناقابلِ معافی عمل ہے۔ اگر اس معاملے میں کوئی الجھن یا اعتراض ہے تو راہل گاندھی کو پارلیمنٹ کے اندر اس پر بات کرنی چاہیے۔


Share: