بھٹکل 11/نومبر(ایس او نیوز) بھٹکل تعلقہ کے ہیبلے ہونّے گدّے۔ تینگن گنڈی روڈ پر اسکوٹی بے قابو ہوکر حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں سر پر شدید چوٹیں لگنے سے زخمی ہونے والا ماہی گیر دورانِ علاج دم توڑ گیا۔متوفی کی شناخت وینکٹاپور کے رہنے والے لوکیش پانڈورنگ موگیر (33) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
اطلاع کے مطابق لوکیش اپنی اسکوٹی پر قومی شاہراہ 66 سے تنگن گنڈی کی طرف جارہا تھا۔ اس دوران ہونّے گدّے کے قریب اسکوٹی پر سے اس کا توازن بگڑ گیا اور وہ گاڑی سمیت سڑک پر گر پڑا۔ حادثے میں اس کے سر پر شدید چوٹیں آئیں، جس کے بعد اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کرکے علاج شروع کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔ اس سلسلے میں بھٹکل مضافاتی پولیس تھانہ میں شکایت درج کی گئی ہے اور پولیس چھان بین کررہی ہے۔