پٹنہ، 23/فروری (ایس او نیوز/ایجنسی )بہار کے پورنیہ ضلع کے بھوانی پور تھانہ علاقے میں چوری کی وارداتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں، اور چوروں کے حوصلے بلند ہوتے جا رہے ہیں۔ اب عام شہریوں کے ساتھ ساتھ سیاسی شخصیات بھی ان کا نشانہ بن رہی ہیں۔ تازہ معاملے میں، چوروں نے سابق وزیر اور راشٹریہ جنتا دل کی ریاستی نائب صدر بیمہ بھارتی کے بھوانی پور واقع رہائش گاہ میں دست درازی کی۔ واردات کے وقت گھر میں کوئی موجود نہیں تھا، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے چور قیمتی سامان لے کر فرار ہو گئے۔
چوروں نے مرکزی دروازے سمیت چار کمروں کے تالے توڑ کر گھر میں رکھے قیمتی سامان کی چوری کر لی۔ اتنا ہی نہیں چور گھر میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے کا ڈی وی آر بھی اپنے ساتھ لے گئے جس سے ان کی پہچان کرنے میں دقت پیش آ رہی ہے۔ چوری کیے گٓئے سامان کی قیمت کا ابھی تک صحیح اندازہ نہیں لگایا جا سکا ہے لیکن سابق ایم ایل اے بیمہ بھارتی کے مطابق چور اشٹ دھات کی مورتی، سونے کے زیورات، کمبل، کپڑے اور دیگر قیمتی اشیاء لے گئے ہیں۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی۔ دھمداہا زونل ایس پی کوشل کمار، بھوانی پور تھانہ صدر سنیل کمار، سب انسپکٹر سنجیو رنجن لال اپنی ٹیم کے ساتھ موقع پر پہنچے اور جانچ شروع کر دی۔ پولیس نے چوروں کا سراغ لگانے کے لیے ضلع ہیڈ کوارٹر سے فنگر پرنٹ ایکسپرٹ کو بھی بلایا۔
اس سلسلے میں بیمہ بھارتی نے بتایا کہ جس وقت واقعہ ہوا وہ اپنے بھٹّا رہائش پر کنبہ کے ساتھ تھیں۔ ان کے بھوانی پور واقع رہائش کی دیکھ بھال گڑیا منڈل اور اس کا معاون رام چندر منڈل کرتے تھے۔ کچھ دنوں پہلے گڑیا منڈل اپنے مائیکہ گئی ہوئی تھی، جبکہ رام چندر منڈل جمعرات کی رات قریب 10:30 بجے اپنے ماں کا علاج کرانے کے لیے گھر چلا گیا تھا۔
جمعہ کی صبح جب رام چندر منڈل واپس لوٹا تو اس نے مرکزی دروازے کو اندر سے بند پایا۔ گیٹ پھاند کر اندر جانے کے بعد اس نے دیکھا کہ گھر کے چار کمروں کے تالے ٹوٹے ہوئے تھے۔ اس نے فوراً بیمہ بھارتی اور گڑیا منڈل کو اس واقعہ کی اطلاع دی اور پھر بھوانی پور تھانہ جاکر پولیس کو اطلاع دی۔