ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل نیو شمس اسکول کا سالانہ اسپورٹس ڈے؛ قومی سطح پر کھیلنے کے خواہش مند طلبہ کو انٹرنیشنل ایتھلیٹ کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا تیقن

بھٹکل نیو شمس اسکول کا سالانہ اسپورٹس ڈے؛ قومی سطح پر کھیلنے کے خواہش مند طلبہ کو انٹرنیشنل ایتھلیٹ کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا تیقن

Thu, 26 Nov 2026 19:37:55    S O News
بھٹکل نیو شمس اسکول کا سالانہ اسپورٹس ڈے؛ قومی سطح پر کھیلنے کے خواہش مند طلبہ کو انٹرنیشنل ایتھلیٹ کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا تیقن

بھٹکل 26 نومبر (ایس او نیوز) : نیو شمس اسکول بھٹکل میں منعقدہ سالانہ اسپورٹس ڈے میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے انٹرنیشنل ایتھلیٹ مدثر ائیکری نے قومی سطح پر کھیلنے کے خواہش مند طلبہ کو ہر ممکن تعاون اور مناسب رہنمائی فراہم کرنے کا تیقن دیا۔

بدھ، 25 نومبر کو صبح 9 بجے منعقدہ اس پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے مدثر ائیکری، جو بھٹکل مسلم جماعت بینگلور کے صدر بھی ہیں، نے کہا کہ طلبہ کو تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیل کے میدان میں بھی بھرپور دلچسپی اور توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جو طلبہ مستقبل میں قومی سطح پر کھیلنے کا عزم رکھتے ہیں، انہیں ابھی سے محنت، یکسوئی اور مسلسل مشق کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ کھیل کے میدان میں آگے بڑھنے کے لیے سنجیدگی اور لگن کے ساتھ کوشش کرنے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی اور معاونت کے لیے وہ ہر ممکن تعاون کرنے کو تیار ہیں۔

تقریب میں انجمن کالج کے وائس پرنسپال طالوت معلم نے اعزازی مہمان کی حیثیت سے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ زندگی کے ہر میدان میں آگے بڑھنے، محنت کرنے اور کامیابی حاصل کرنے کا عزم رکھیں۔

bhatkal-shams-2

اسکول انتظامیہ کمیٹی کے نائب ناظم ضیاء الرحمن رکن الدین ندوی نے تقریب کی صدارت کی۔ اس موقع پر مہمانوں نے والی بال کے کھیل کا افتتاح کیا اور طلبہ کے کھیل سے لطف اندوز ہوئے۔

تقریب کا آغاز احمد دامودی کی تلاوتِ قرآن سے ہوا، جبکہ مصطفیٰ ائیکری نے ترجمہ پیش کیا۔ اسکول کے استاد محمد رضا مانوی نے استقبالیہ اور مہمانوں کا تعارف پیش کیا، مولانا عبداللہ ربیع نے کلماتِ تشکر ادا کیے، جبکہ محمد زیان اور عبدالدائم نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔

اس موقع پر نیو شمس اسکول و کالج بورڈ کے سکریٹری سید قطب برماور ندوی، عزیز الرحمن رکن الدین ندوی، مولانا جعفر فقیہ ندوی سمیت دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔

افتتاحی تقریب کے بعد مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوئے، جن میں طلبہ نے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیتے ہوئے اپنی کھیل کی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔


Share: