ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار : نقلی لون ایپ کے ذریعے 6.28 لاکھ روپے کی دھوکہ دہی – سائبر کرائم اسٹیشن میں درج ہوا کیس

کاروار : نقلی لون ایپ کے ذریعے 6.28 لاکھ روپے کی دھوکہ دہی – سائبر کرائم اسٹیشن میں درج ہوا کیس

Thu, 26 Nov 2026 12:19:42    S O News

کاروار،  26 / نومبر (ایس او نیوز) نقلی لون ایپ کے ذریعے دھمکا کر 6,28,898 روپے لوٹنے کا ایک معاملہ کاروار کے سائبر کرائم پولیس اسٹیشن میں درج ہوا ہے ۔ اس معاملے میں دھوکہ دہی کا شکار ہونے والی خاتون کی شناخت سداپور کی رہنے والی وینا کرن کمار کے طور پر کی گئی ہے ۔
    
 شکایت کے مطابق ونیا کرن کمار جب گوگل سرچ  کر رہی تھیں تو انہیں لون فراہم کرنے والا "فرٹیلا روپی ایپ" دکھائی دیا ۔ اس ایپ پر کلک کرکے نوٹی فکیشن بھیجنے کی اجازت دیتے ہی موبائل میں ٹائملی کیش نام سے ایک لون ایپ ویلیٹ ڈاون لوڈ ہوا ۔ اس ویلیٹ میں 3 ہزار روپے لون منظور ہونے کی بات دکھائی دی ۔ 
    
اس کے بعد بیرونی ملک کے نمبر سے ایک اجنبی شخص نے فون کرکے وینا کو دھمکایا کہ وہ لون دینے والی کمپنی کا ذمہ دار ہے اور اس  نے وینا سےمطالبہ کیا کہ اسے جو لون دیا گیا ہے اس کا سود ملا کر کُل رقم 32  ہزار روپے واپس لوٹائی جائے ۔ اس پر وینا نے انکار کرتے ہوئے کہا کہ اس نے کسی قسم کا لون حاصل نہیں کیا ہے ۔ اس کے بعد کال کرنے والے نے مختلف نمبروں سے فون کرکے اسے ذہنی طور پر پریشان کرنا اور دھمکانا شروع کیا ۔ 
    
متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ  اس نے بار بار آنے والے فون کالز اور دھمکیوں سے پریشان ہو کر اپنے پاس سے اور رشتے داروں کے پاس سے رقم حاصل کرکے فریب کاروں کی طرف  سے دئے گئے بینک اکاونٹس میں اور یو پی اے کے ذریعے جملہ  6,28,898 روپے منتقل کیے ۔ 
    
سائبر کرائم پولیس نے اجننی ملزمان کے خلاف کیس درج کر لیا ہے اور اس معاملے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہے ۔ 


Share: