ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار: وندے ماترم کے تیسرے بند کی ادائیگی میں رکن پارلیمان کا تلفظ اٹکا، ادھورا رہ گیا گیت

کاروار: وندے ماترم کے تیسرے بند کی ادائیگی میں رکن پارلیمان کا تلفظ اٹکا، ادھورا رہ گیا گیت

Thu, 26 Nov 2026 11:36:52    S O News
کاروار: وندے ماترم کے تیسرے بند کی ادائیگی میں رکن پارلیمان کا تلفظ اٹکا، ادھورا رہ گیا گیت

کاروار، 26/ نومبر (ایس او نیوز )  ضلع پنچایت کے اجلاس ہال میں بدھ کو منعقدہ ضلع ترقیاتی رابطہ اور نگرانی کمیٹی (دیشا) کے اجلاس کے آغاز پر وندے ماترم کی ادائیگی کا ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا۔ گیت کے دو بند گائے جانے کے بعد جب اسے روک دیا گیا تو رکن پارلیمان وشویشور ہیگڑے کاگیری نے باقی بند خود گاکر گیت مکمل کرنے کی کوشش کی، تاہم تیسرے بند کی سطریں ادا کرتے ہوئے وہ اٹک گئے۔

رکن پارلیمان وشویشور ہیگڑے کاگیری کی صدارت میں منعقدہ اس اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ہرشل بوئیر، ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ، ضلع پنچایت کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر اور مختلف محکموں کے افسران موجود تھے۔

اجلاس کے آغاز میں کاگیری نے اصرار کیا کہ وندے ماترم کو صرف دو بندوں تک محدود رکھنے کے بجائے مکمل طور پر گایا جانا چاہیے۔ انہوں نے اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر سے بھی تبادلہ خیال کیا، تاہم اجلاس میں وندے ماترم کے صرف دو بند ہی ریکارڈنگ کے ذریعے پیش کیے گئے۔

گیت کی ریکارڈنگ رکنے کے بعد کاگیری نے اگلا بند خود گانا شروع کیا۔ دیشا کمیٹی کے نامزد اراکین امیش بھاگوت، مکندا نائک اور گرو راج شان بھاگ نے بھی ان کا ساتھ دیا، لیکن تیسرے بند کی سطریں آگے بڑھاتے ہوئے تمام افراد کو دشواری پیش آئی۔

اس دوران ڈپٹی کمشنر نے عملے کو ریاستی ترانہ بجانے کی ہدایت دی، جس کے بعد ریاستی ترانہ پیش کیا گیا۔ کاگیری کی جانب سے وندے ماترم مکمل گانے کی خواہش کے باوجود تیسرے بند کے دوران گیت ادھورا رہ جانے کا واقعہ اجلاس میں موجود افراد کی توجہ کا مرکز بن گیا۔


Share: