ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں سنسنی خیز واردات: نانی کے زیورات لوٹنے کی شکایت درج کرانے والا ہی چور نکلا، پولیس نے کیا گرفتار

بھٹکل میں سنسنی خیز واردات: نانی کے زیورات لوٹنے کی شکایت درج کرانے والا ہی چور نکلا، پولیس نے کیا گرفتار

Wed, 19 Mar 2025 23:07:56    S O News

بھٹکل، 19 مارچ (ایس او نیوز) بھٹکل کے مولانا ابوالکلام آزاد روڈ پر فجر کی نماز کے وقت پیش آنے والی چوری کی واردات میں ایک نیا موڑ آیا ہے، جہاں پولیس نے شکایت درج کروانے والے نوجوان کو ہی چوری کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ یہ سنسنی خیز واردات سنیچر کے روز پیش آئی تھی، لیکن معاملہ پیر کو سامنے آیا۔

tajammul

ذرائع کے مطابق، 46 سالہ تجمل حسین عسکری نے نماز کے بہانے گھر سے نکلنے کے بعد چہرے پر ماسک پہن کر واپس آیا اور چور کا روپ دھار کر اپنی ہی 92 سالہ نانی کے زیورات چھین لیے۔

بھٹکل ٹاؤن پولیس کے سب انسپکٹر نوین نائک کی قیادت میں کی گئی تحقیقات کے بعد بدھ کو پولیس نے تجمل حسین کو گرفتار کر لیا۔

یاد رہے کہ یہ واقعہ سنیچر کی صبح اس وقت پیش آیا جب ملزم کے والدین گھر کے ایک دوسرے کمرے میں نماز میں مصروف تھے اور خود ملزم کار لے کر مسجد جانے کے بہانے گھرسے نکلا تھا۔ کچھ ہی دیر بعد چور پچھلے دروازے سے گھر میں داخل ہوا، متاثرہ خاتون کا منہ بند کر دیا، اور جب وہ مدد کے لیے چیخنے کی کوشش کی تو ان کا گلا دبانے کی کوشش کی۔

گھر کے آس پاس نصب سی سی ٹی وی فوٹیج سے پتہ چلا کہ پورا واقعہ صرف چار منٹ کے اندر مکمل ہو گیا اور چور بغیر کسی رکاوٹ کے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ واقعے کے بعد ملزم نے خود اپنی نانی کی طرف سے پولیس میں شکایت درج کروائی اور پولیس کی مدد کرنے کا ڈرامہ رچایا۔ تاہم، جیسے جیسے تحقیقات آگے بڑھیں، پولیس نے شواہد کی بنیاد پر اس کے ملوث ہونے کا پردہ فاش کر دیا اور اسے گرفتار کر لیا۔

خاندانی ذرائع کے مطابق، تجمل حسین نے پولیس کے سامنے اپنا جرم قبول کرلیا ہے۔ مزید یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ چوری کے بعد وہ گھر میں ہی موجود تھا، لیکن جب اسے شک ہوا کہ پولیس اس کے قریب پہنچ رہی ہے، تو دو دن بعد فرار ہوگیا۔

گھر والوں کے مطابق، جب پولیس نے اہل خانہ پر دباو بنایا کہ وہ تجمل حُسین کو گھر واپس آنے کے لئے کہیں تو انہوں نے ملزم کو بھٹکل واپس آنے کے لیے کہا۔ جونہی وہ بھٹکل پہنچا، پولیس نے اسے فوری طور پر گرفتار کر لیا۔

یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ یہ اس مکان میں چوری کا پہلا واقعہ نہیں تھا۔ قریب آٹھ ماہ پہلے بھی تجمل حسین نے اسی طرح کی چوری کی کوشش کی تھی، لیکن اہل خانہ نے معاملے کو نجی طور پر حل کرنا مناسب سمجھا اور پولیس کو اطلاع نہیں دی۔

یہ واردات رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں پیش آئی، جس سے پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ سوشل میڈیا پر یہ خبر تیزی سے وائرل ہوئی، اور شہریوں نے ایک دوسرے کو چوکنا رہنے کی تاکید کی۔

 

اسی چوری کے تعلق سے اس سے پہلے شائع شدہ رپورٹ:

Click here for report in english


Share: