ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مقدمات کا بوجھ کم کرنے کے لیے 14 مارچ کو بھٹکل میں لوک عدالت؛ عوام اور وکلاء سے بھرپور تعاون کی اپیل

مقدمات کا بوجھ کم کرنے کے لیے 14 مارچ کو بھٹکل میں لوک عدالت؛ عوام اور وکلاء سے بھرپور تعاون کی اپیل

Fri, 06 Mar 2026 21:14:16    S O News
مقدمات کا بوجھ کم کرنے کے لیے 14 مارچ کو بھٹکل میں لوک عدالت؛ عوام اور وکلاء سے بھرپور تعاون کی اپیل

بھٹکل 6 مارچ (ایس او نیوز): عوام کو طویل عدالتی کارروائیوں کے بوجھ سے بچانے اور تنازعات کے جلد تصفیے کے لیے 14 مارچ کو بھٹکل کی عدالت میں لوک عدالت منعقد کی جائے گی۔ اس بات کی جانکاری اترکنڑا ضلع لیگل سروس اتھارٹی کی ممبر سیکریٹری اور کاروار کی سینئر سول جج دیویا شری سی ایم نے بھٹکل عدالت کے اجلاس ہال میں منعقدہ پریس کانفرنس میں دی۔

انہوں نے عوام اور وکلاء سے اپیل کی کہ وہ لوک عدالت سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے باہمی رضامندی کے ذریعے اپنے مقدمات کے تصفیے کے لیے آگے آئیں۔

انہوں نے کہا کہ اب بھی بہت سے لوگوں کو لوک عدالت کی اہمیت اور اس کے فوائد کے بارے میں مکمل آگاہی نہیں ہے۔ لوک عدالت کے ذریعے بینک قرضوں کے تنازعات، چیک باؤنس کے معاملات اور موٹر گاڑی حادثات سے متعلق مقدمات سمیت مختلف نوعیت کے کیس باہمی رضامندی سے حل کیے جا سکتے ہیں۔ اس طرح عوام کے وقت اور مالی اخراجات دونوں میں کمی آتی ہے۔

انہوں نے بھٹکل بار ایسوسی ایشن کے وکلاء سے اپیل کی کہ وہ اپنے موکلوں کو لوک عدالت کے فوائد سے آگاہ کریں اور انہیں اس کے ذریعے مقدمات کے تصفیے کے لیے آمادہ کریں۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ مرتبہ منعقدہ لوک عدالت میں بھٹکل میں ضلع بھر میں سب سے زیادہ مقدمات کا تصفیہ ہوا تھا اور کاروار و سرسی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا تھا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس مرتبہ اس سے بھی بہتر نتائج حاصل ہوں گے۔

اس موقع پر سینئر سول جج و جے ایم ایف سی اور تعلقہ لیگل سروس اتھارٹی کے صدر کانتا کُرنی، پرنسپل سول جج دیپا ارلگنڈی، ایڈیشنل سول جج دھن وتی، بھٹکل بار ایسوسی ایشن کے صدر ایشور نائک اور سکریٹری ناگیش گدّے منے موجود تھے۔ بار ایسوسی ایشن کے نائب صدر آر جے نائک نے مہمانوں کا استقبال کیا اور پروگرام کی نظامت کی۔


Share: