
بھٹکل 17/ مارچ (ایس او نیوز) – بھٹکل میں چوری کی ایک انوکھی واردات پیش آئی، جہاں گھر کے افراد فجر کی نماز ادا کررہے تھے کہ چور زیورات چرا کر فرار ہوگیا۔ یہ واردات سنیچر کی صبح مولانا ابوالکلام آزاد روڈ پر پیش آئی، جو آج پیر کو سامنے آئی۔
بھٹکل کے تاجر الطاف کولا نے بتایا کہ چوری ان کی بہن کے گھر میں ہوئی۔ جب ان کا بھانجہ تجمل حسین فجر کی نماز کے لیے مسجد گیا تھا۔ اس کی غیر موجودگی میں ایک چور گھر میں گھس آیا۔ صبح تقریباً 6:15 بجے تجمل کے واپس آنے پر پتہ چلا کہ چور ان کی 92 سالہ نانی، بی بی سارا کے کمرے میں گھس کر ان کے گلے سے سونے کا ہار اور ہاتھ پر پہنی آٹھ چوڑیاں لے کر فرار ہوچکا تھا۔
چوری کے وقت بی بی سارا اپنے بستر پر تھیں، جبکہ دوسرے کمرے میں تجمل حسین کے والد تاج الدین عسکری اور والدہ نماز ادا کر رہے تھے۔ چور سیدھا بزرگ خاتون کے کمرے میں پہنچا اور اس سے پہلے کہ وہ شور مچاتیں، اس کا منہ ہاتھ سے دبا دیا۔ پھر قریب 78 گرام وزنی آٹھ چوڑیاں اور 14 گرام وزنی سونے کا ہار اتار کر فرار ہوگیا۔
پڑوسی گھر سمیت پاس پڑوس کی دکانوں کے باہر نصب سی سی ٹی وی کیمرے میں چور کی ویڈیو ریکارڈ ہو چکی ہے۔ فوٹیج کے مطابق، چور نے صرف چار منٹ کے اندر چوری کی واردات انجام دے کر فرار ہوگیا ہے۔
تجمل حسین کے مطابق، وہ روزانہ فجر کی نماز کے لیے پیچھے کا دروازہ استعمال کرتے ہیں اور چونکہ 15-20 منٹ میں واپس آ جاتے ہیں، اس لیے دروازے کو اندر سے بند نہیں کرتے۔ امکان ہے کہ کسی جان پہچان والے یا قریبی شخص نے اس معمول کو نوٹ کر لیا اور اسی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقعے سے فائدہ اٹھایا۔ جیسے ہی تجمل نے دروازہ کھول کر مسجد جانے کے لئے باہر نکلا، چور اُسی دروازےسے گھر میں داخل ہوا اور زیورات لے کر بھاگ نکلا۔
چوری کے سلسلے میں بھٹکل ٹاؤن پولیس تھانے میں شکایت درج کرائی گئی ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے چور کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔