ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ریاستی بجٹ: کاروار میں 100 کروڑ کا سوپر اسپیشالٹی ہاسپٹل؛ ساحلی علاقوں میں بنیادی سہولتیں، ماہی گیری، سیاحت اور ثقافت کے فروغ پر زور

ریاستی بجٹ: کاروار میں 100 کروڑ کا سوپر اسپیشالٹی ہاسپٹل؛ ساحلی علاقوں میں بنیادی سہولتیں، ماہی گیری، سیاحت اور ثقافت کے فروغ پر زور

Sat, 07 Mar 2026 11:58:04    S O News

کاروار،  7 / مارچ (ایس او نیوز)  ریاستی وزیر اعلیٰ سدارامیا نے کل اسمبلی میں پیش کیے گئے بجٹ 2026-27 میں بالآخر اتر کنڑا ضلع کے عوام کی دیرینہ مانگ پوری کرتے ہوئے کاروار میں تقریباً 100 کروڑ روپوں کی لاگت سے سوپر اسپیشالٹی ہاسپٹل قائم کرنے کا اعلان کیا ۔  
    
وزیر اعلیٰ نے وعدہ پورا کیا :    یاد رہے کہ اس سے قبل انکولہ - کاروار رکن اسمبلی ستیش سئیل نے کہا تھا کہ اگر اس مرتبہ بجٹ میں سوپر اسپیشالٹی ہاسپٹل کا اعلان نہیں ہوا تو وہ استعفیٰ  دے دیں گے ۔ دوسری طرف اپنے پچھلے اتر کنڑا دورے کے موقع پر وزیر اعلیٰ سدا رامیا نے عوام کا مطالبہ پورا کرنے کا وعدہ کیا تھا ۔ اسی کے مطابق اس مرتبہ وزیر اعلیٰ نے اپنے 17 ویں بجٹ میں طبی میدان میں عوام کو راحت پہنچانے والے اس منصوبے کا اعلان کیا ہے ۔ 
    
یاد رہے کہ کاروار میں 198 کروڑ روپوں کی لاگت سے پہلے ہی ملٹی اسپیشالٹی ہاسپٹل تعمیر کیا  جا چکا ہے ۔ اب اس احاطے میں موجود پرانی عمارت کو منہدم  کرکے اس کی جگہ پر 100 کروڑ روپے کی لاگت سے نیا سوپر اسپیشالٹی ہاسپٹل  تعمیر کیا جائے گا ۔ اس کے لئے اضافی فنڈ کی جو ضرورت ہے وہ آئندہ جاری کی جائے گی ۔ 
    
اتر کنڑا میں صحت عامہ اور علاج و معالجے کی سمت میں انتہائی جدید ترین سہولتوں والے سوپر اسپیشالٹی ہاسپٹل کا قیام ایک اہم پیش قدمی ہے ۔ اس سے کاروار اور پاس پڑوس کے عوام کو حادثات اور سنگین ایمرجنسی کی  صورت حال میں دور دراز علاقے کے اسپتالوں تک جانے کی دقت سے نجات ملے گی ۔
    
بنیادی سہولتوں کی فراہمی:        بجٹ میں ساحلی اور ملناڈ کے علاقے میں عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کی طرف حکومت نے  خصوصی توجہ دی ہے ۔  عوام اور اسکولی بچوں کے لئے محفوظ آمد و رفت کو یقینی بنانے کے مقصد سے 300 مقامات پر پیدل گزرنے کے پُل (فوٹ برڈج) تعمیر کرنے کے علاوہ سرسی اور سداپور تعلقہ جات میں پُلوں اور بند تعمیر کرنے کا منصوبہ ہے ۔ اس سے دیہی علاقوں میں نقل و حمل کی آسانی پیدا ہوگی ۔
     
مقامی مصنوعات کا فروغ :    اس کے علاوہ ضلع کی جی آئی سرٹفکیٹ والی مصنوعات کی تشہیر اور برانڈنگ کی حوصلہ افزائی کرنے کے لئے بھی اقدامات کا اعلان کیا ہے ، جس سے ضلع کی خصوصی مصنوعات کا بازار میں ڈسٹری بیوشن ممکن ہو سکے گا ۔ 
    
سیاحتی فروغ کے منصوبے :    ساحلی علاقے میں سیاحت کے فروغ کے لئے جو اسکیمیں  بنائی گئی ہیں ان میں اتر کنڑا کے تدڑی علاقے میں ماحول دوست رہائشی انتظامات، واکنگ کوریڈور، ٹورسٹ انفارمیشن سینٹر کی تعمیر اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو پبلک پرائیویٹ پروجیکٹ کے طور پر فروغ دینا شامل ہے ۔
    
اس کے علاوہ ساحلی علاقے کے دوسرے مقامات پر سیاحتی مراکز سے رابطے کے لئے ہوائی سفر کی سہولت، واٹر ایڈوینچرز، سی پلین، ہیلی ٹیکسی، جوائی رائڈ، سی کروز جیسی سرگرمیاں متعارف کرنے اور انہیں بڑھاوا دینے کا پروگرام بنایا گیا ہے ۔ 
    
پتور میں میڈیکل کالج :    اس بار بجٹ میں دکشن کنڑا کے پتور میں میڈیکل کالج اور  300 بستروں والا اسپتال قائم کرنے کا منصوبہ رکھا گیا ہے ۔ جس پر 100 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی ۔ مگر کینسر اور امراض قلب سے متاثرہ غریب مریضوں کے علاج کے لئے منگلورو میں جئے دیوا ہاسپٹل اور قدوائی ہاسپٹل کے یونٹس قائم کرنے کا جو مطالبہ عوام کی جانب سے ہو رہا تھا اس پر اس بجٹ میں توجہ نہیں دی گئی ہے ۔  
    
ہاویک بھاشا اکیڈیمی کا قیام :    اس مرتبہ بجٹ میں ضلع کی ایک اہم لسانی اقلیت کے ذریعے بولی جانے والی ہاویک زبان [برہمنوں کی کونکنی یا ہاویگنڈا زبان] اور ان کے ادبی و ثقافتی ورثے کے تحفظ اور فروغ کی طرف بھی توجہ دی گئی ہے اور اس کے لئے ضروری پروگرام وضع کرتے ہوئے ہاویک بھاشا اکیڈیمی کے قیام کا اعلان کیا گیا ہے ۔
    
خیال رہے کہ کرناٹکا کے اتر کنڑا، اڈپی، دکشن کنڑا، ملناڈو، شیموگہ، کوڈاگو، چکمگلورو، کیرالہ کے کاسرگوڈ ضلع میں  بولی جانے والی ہاویک برہمنوں کی یہ بہت ہی قدیم ذیلی زبان ہے ۔ جس میں 60 فی صد سے 70 فی صد تک کنڑا زبان کی قدیم لفظیات کا استعمال ہوتا ہے ۔ 
    
نئی پالیسیوں کا وعدہ :    وزیر اعلیٰ نے بندرگاہوں اور ریت کی سپلائی کے میدان میں ترقی کے لئے ایک ملٹی ماڈل لاجسٹک پالیسی وضع کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ پنجروں میں مچھلی پالن، ری سائیکل اینرجی جیسے مواقع سے استفادہ کرنے کے لئے کرناٹکا اسٹیٹ آف شور ریسورسز ڈیولپمنٹ اینڈ یوٹیلائزیشن پالیسی وضع کرنا، منگلورو کی فشریز یونیورسٹی میں سینٹر آف ایکسلینس اور پسماندہ طبقات کے طلبہ کے ہاسٹل کا قیام، جدید ترین مچھلی مارکیٹ  اور آئی ٹی پارک کی تعمیر جیسی تجاویز بجٹ میں رکھی گئی ہیں ۔ 
    
عوام کو شکایت ہے :    اتر کنڑا کے عوام نے امسال بجٹ میں ضلع کے لئے مختص کیے گئے مختلف پروگرام اور بالخصوص طبی میدان میں عوام کو راحت دلانے کے اعلان پر خوشی ظاہر کی ہے ۔ لیکن ماہی گیروں کے لئے ڈیزل سبسیڈی،  جنگلاتی زمین کے قبضہ داروں کو مالکانہ حقوق کی منظوری جیسے اہم ترین مطالبات پر توجہ نہ دینے اور کوئی واضح اعلان نہ ہونے کا شکوہ کیا ہے ۔

646356963_1376349294537508_1196047500535313137_n

Share: