بھٹکل 16/ نومبر (ایس او نیوز) : سرابی ندی کے کنارے مُنڈلی میں قائم کیے گئے شمشان سے اٹھنے والے دھوئیں کے باعث ندی کے دوسری جانب واقع ڈونگر پلی اور اطراف کے رہائشی علاقوں کے لوگوں کو پیش آنے والی مشکلات اور صحت پر پڑنے والے ممکنہ اثرات کے پیش نظر علاقے کی نوجوان اتحاد کمیٹی نے شمشان کو فوری طور پر کسی مناسب متبادل مقام پر منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اس سلسلے میں پیر کو کمیٹی کے صدر فیضان ندوی کی قیادت میں خواتین سمیت 50 سے زائد افراد پر مشتمل وفد نے بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر (اے سی) کے دفتر پہنچ کر میمورنڈم پیش کیا۔ اس موقع پر علاقے کی سرگرم سماجی کارکن آمنہ بیلّی نے اے سی کے سامنے میمورنڈم پڑھ کر سنایا۔

کمیٹی کے سابق صدر یوسف بیلّی نے اے سی کو بتایا کہ ڈونگر پلی اور مُنڈلی کے درمیان سرابی ندی بہتی ہے اور مُنڈلی میں ندی کے کنارے شمشان قائم کیا گیا ہے۔ شمشان میں آخری رسومات کے دوران اٹھنے والا دھواں ندی پار کرکے ڈونگر پلی اور اطراف کے رہائشی علاقوں تک پہنچتا ہے، جس سے مقامی لوگوں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے خصوصاً بچوں اور بزرگوں کی صحت کے تعلق سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شمشان کو فوری طور پر موجودہ مقام سے ہٹانے کا مطالبہ کیا۔
یوسف بیلّی نے نشاندہی کی کہ ڈونگر پلی میں 50 سے زائد مکانات ہیں، جبکہ یہاں رہائشی علاقوں کے علاوہ مسجد، مندر اور دیگر عوامی سہولتیں بھی موجود ہیں۔ کمیٹی نے اپنے میمورنڈم میں واضح کیا کہ اس کا اعتراض کسی مذہبی طبقے کے عقائد یا آخری رسومات کی روایات پر نہیں بلکہ شمشان کے لیے منتخب کیے گئے مقام پر ہے، جس سے اطراف کے مکینوں کی صحت، سکون اور ماحول متاثر ہورہا ہے۔

کمیٹی نے اسسٹنٹ کمشنر سے مطالبہ کیا کہ معاملے کی حتمی جانچ اور فیصلہ ہونے تک شمشان میں آخری رسومات کی سرگرمیاں عارضی طور پر روکنے کے احکامات جاری کیے جائیں، متعلقہ حکام کے ذریعے مقام کی موزونیت اور دھوئیں کے صحت و ماحول پر پڑنے والے اثرات کی فوری جانچ کروائی جائے اور موجودہ مقام پر شمشان جاری رکھنے کی اجازت پر نظرثانی کرتے ہوئے اسے آبادی سے مناسب فاصلے پر کسی قانونی متبادل مقام پر منتقل کیا جائے۔
میمورنڈم کی نقول بعد میں بھٹکل ڈی وائی ایس پی، مُنڈلی گرام پنچایت کے ڈیولپمنٹ آفیسر اور بھٹکل سٹی میونسپل کونسل کے کمشنر کو بھی پیش کی گئیں۔