بھٹکل 14/ نومبر (ایس او نیوز) : بنگلورو سے گوا کے درمیان نئی وندے بھارت ایکسپریس ٹرین شروع ہونے سے مسافروں کو تیز رفتار اور آرام دہ سفر کی سہولت تو ملے گی، تاہم اس کے نتیجے میں ساحلی ریلوے روٹ پر چلنے والی 13 موجودہ ٹرینوں کے اوقات میں تبدیلی کا امکان ہے، جس سے ہزاروں مسافروں کو دشواری پیش آسکتی ہے۔
جمعہ کو بینگلور کے یشونت پور اور گوا کے مڈگاؤں کے درمیان وندے بھارت ایکسپریس شروع ہوچکی ہے اس کے لیے ٹرین نمبر 26655 اور 26656 مختص کیے گئے ہیں۔ یہ ٹرین یشونت پور سے بدھ کو چھوڑ کر ہفتے میں چھ دن، صبح 7:35 بجے روانہ ہوگی، دوپہر 3:05 بجے مینگلور، شام چھ بجے مرڈیشور اور رات 8:55 بجے مڈگاوں پہنچے گی۔ اسی طرح یہ ٹرین مڈگاوں سے صبح 8:20 بجے نکل کر صبح 11 بجے مرڈیشور،دوپہر 1:50 کو مینگلور اور رات 9:15 بجے یشونت پور پہنچے گی۔
ریلوے کے ایک افسر کے مطابق، نئی وندے بھارت ٹرین کے تقریباً 1,100 مسافروں کی سہولت کے لیے موجودہ روٹ پر روزانہ سفر کرنے والے تقریباً 15 ہزار مسافروں کے سفری اوقات متاثر ہوسکتے ہیں۔ ساؤتھ ویسٹرن ریلوے کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ نئی ٹرین کو گھاٹ سیکشن سے گزارنے کے لیے ترجیح دی گئی ہے۔
یہ ٹرین سکلیشپور اور سبرامنیا روڈ کے درمیان حال ہی میں برقی کاری مکمل کیے گئے 55 کلومیٹر طویل گھاٹ سیکشن سے گزرے گی۔ دشوار گزار پہاڑی راستے اور حفاظتی وجوہات کی بنا پر اس حصے میں تمام ٹرینوں کی زیادہ سے زیادہ رفتار 30 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر ہے۔
مجوزہ تبدیلیوں سے متاثر ہونے والی اہم ٹرینوں میں کاروار-یشونت پور ایکسپریس (16516) بھی شامل ہے، جو فی الحال رات 8:50 بجے بنگلورو پہنچتی ہے، لیکن نئے نظام الاوقات کے تحت اس کی آمد رات 10:15 بجے ہوگی۔
اسی طرح منگلورو جنکشن-یشونت پور گومٹیشورا ایکسپریس (16576) کے اوقات میں بھی بڑی تبدیلی متوقع ہے۔ منگلورو سے بنگلورو جانے والے مسافروں میں مقبول اس ٹرین کے ذریعے موجودہ نظام الاوقات کے تحت مسافر شام 4:30 بجے یشونت پور پہنچ جاتے ہیں، تاہم مجوزہ تبدیلی کے بعد یہ ٹرین منگلورو سے صبح 11:40 بجے روانہ ہوکر رات 10:15 بجے بنگلورو پہنچے گی۔
اس تبدیلی سے ان مسافروں کو خاص طور پر دشواری ہوسکتی ہے جو شام تک بنگلورو پہنچنے کے لیے اس ٹرین کا انتخاب کرتے ہیں۔ اس ٹرین میں وسٹاڈوم کوچ بھی موجود ہے، جس کے ذریعے مغربی گھاٹ کے قدرتی مناظر کا نظارہ کیا جاسکتا ہے، تاہم نئے اوقات سے اس سفر کی سہولت اور منصوبہ بندی متاثر ہوگی۔
ایک اور اہم تبدیلی یشونت پور-ہاسن سوپرفاسٹ ایکسپریس (22679) کی رفتار میں متوقع کمی ہے، جس کی دونوں سمتوں میں اوسط رفتار 55 کلومیٹر فی گھنٹہ سے بھی کم ہوجانے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ اس ریلوے روٹ پر چلنے والی کئی دیگر ٹرینوں کو بھی راستے میں 10 سے 25 منٹ تک روکنے یا ان کے اوقات میں ردوبدل کیے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔