بھٹکل، 15 نومبر (ایس او نیوز): ہوناور تعلقہ کے ٹونکا، کاسرکوڈ میں ایکو بیچ کے قریب واقع معروف خضر جامع مسجد میں سیاحتی مقامات کا رخ کرنے والی مسلم خواتین کی سہولت کے لیے علیحدہ مصلیٰ قائم کیا گیا ہے، جس کا افتتاح بعد نمازِ جمعہ عمل میں آیا۔
مسجد انتظامیہ نے یہ اقدام اس ضرورت کے پیشِ نظر کیا ہے کہ ہوناور اور اطراف کے سیاحتی مقامات کی سیر کے لیے آنے والے متعدد مسلم خاندانوں، بالخصوص خواتین کو نماز کی ادائیگی کے لیے مناسب جگہ دستیاب نہیں تھی۔ نئے مصلیٰ کے قیام سے خواتین اب سفر اور سیاحت کے دوران اطمینان کے ساتھ نماز ادا کر سکیں گی۔

افتتاحی تقریب میں علاقے کے معززین، اہلِ محلہ اور دیگر افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر مسجد کے امام نے خصوصی دعا فرمائی۔
واضح رہے کہ خضر جامع مسجد بھٹکل سے تقریباً 35 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ مسجد انتظامیہ کا یہ اقدام سیاحتی مقامات کا رخ کرنے والے مسلم خاندانوں، خصوصاً خواتین کے لیے ایک اہم دینی سہولت فراہم کرے گا۔