منگلورو، 15 / نومبر ( ایس او نیوز) ریاست کی راجدھانی بنگلورو سے ساحلی کرناٹکا اور گوا اور کو جوڑنے والی وندے بھارت کی رفتار بڑھانے کے ساتھ عوام کی طرف سے ٹرین کے کرائے میں بھی نظر ثانی کرتے ہوئے اسے کم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ ریلوے لائن پر بنگلورو - منگلورو - مڈگاؤں وندے بھارت ریلوے سروس چلانے کا مطالبہ ایک مدت سے کیا جا رہا تھا، جسے بالآخر اب پورا کیا گیا ہے ۔ جبکہ اس علاقے کے عوام اور مسافروں نے وندے بھارت ٹرین کی اس نئی سروس کا پرجوش استقبال بھی کر رہے ہیں ۔ لیکن اس خوشی کے باوجود اس ٹرین کی رفتار، سفر کے دورانیے اور ٹرین کے کرائے سمیت کھانے کی قیمتوں کے بارے میں بھی عوام کی طرف سے شکایات سامنے آ رہی ہیں ۔
مسافروں کا کہنا ہے کہ منگلورو - بنگلورو کے درمیان وندے بھارت کی رفتار بہت کم ہے۔ اس کی اوسط رفتار 52 کلو میٹر فی گھنٹہ سے کم ہے ۔ اس طرح یہ ٹرین بہت سست چلتی ہے ۔ اس کے باوجود اس ٹرین کے لئے سوپر فاسٹ ٹرین سے زیادہ کرایہ وصول کیا جاتا ہے ۔
مسافروں کا کہنا ہے کہ یشونت پور – مڈگاوں کے لئے وندے بھارت ٹرین کا جو کرایہ ہے ، وہ تقریباً اسی فاصلے کے منگلورو سینٹرل – تھیرو اننت پورم تک کے کرایے سے بھی زیادہ ہے ۔
تقریباً 620 کلو میٹر کے لئے چیئر کار کا کرایہ 1,640 روپے ہے ۔ جبکہ یشونت پور – کاروار کے لئے 2,120 روپے وصول کیے جاتے ہیں ۔ اسی طرح منگلورو سے تھیرو اننت پورم تک ایگزیکٹو چیئر کار کا کرایہ 2,970 روپے ہے ۔ جبکہ یشونت پور – کاروار کے لئے3,720 روپے کرایہ لگتا ہے ۔
حالانکہ یشونت پور – کاروار کے درمیان فاصلہ 610 کلو میٹر ہے مگر کرایہ 760 کلو میٹر کے حساب سے لیا جاتا ہے ۔ اسی طرح منگلورو جنکشن - مڈگاوں کے درمیان موجود 303 کلو میٹر فاصلے کو 423 کلو میٹر شمار کیا جاتا ہے ۔ بالکل اسی طرح یشونت پور – منگلورو جنکشن کے درمیان موجود 357 کلو میٹر فاصلے کو 412 کلو میٹر شمار کیا جاتا ہے ۔
ٹرین کی سست رفتاری کی وجہ سے یشونت پور – مڈگاوں کا سفر 13 گھنٹے 20 منٹ میں طے ہوتا ہے ۔ جبکہ یشونت پور سے کاروار تک کے سفر میں 12 گھنٹے لگتے ہیں ۔
واپسی کے وقت مڈگاوں – یشونت پور کے سفر میں 12 گھنٹے 55 منٹ لگتے ہیں اور کاروار سے یشونت پور کے لئے 12 گھنٹے 10 منٹ لگتے ہیں ۔
وندے بھارت کی اس نئی سروس کے تعلق سے مسافروں کی شکایت ہے کہ سفر کا دورانیہ زیادہ ہونے کی وجہ سے دو مرتبہ کھانا اور ایک مرتبہ ناشتہ سپلائی کرنا پڑتا ہے اور اس کا بوجھ مسافروں کی جیب پر پڑتا ہے ۔
مڈگاوں اور کاروار کے مسافروں کو چیئر کار میں کھانے کے چارجس 651 روپے لیے جاتے ہیں جبکہ ایگزیکٹیو چیئر کار میں 767 روپے وصول کیے جاتے ہیں ۔
جبکہ دوسری طرف منگلورو – تھیرو اننت پورم روٹ پر وندے بھارت ٹرین دونوں طرف سے سفر کو 8 گھنٹے 40 منٹ میں پورا کرتی ہے ۔ اس کی وجہ سے اس روٹ پرکھانے کے چارجس چیئر کار میں 363 روپے اور ایگزیکٹیو چیئر کار میں 418 روپے وصول کیے جاتے ہیں ۔
ڈبل لائن پر چلنے والی منگلورو- تھیرو اننت پورم وندے بھارت ٹرین کی اوسط رفتار 72 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے ۔ اس کے مقابلے میں سنگل لائن پر چلنے والی یشونت پور – مڈگاوں وندے بھارت ٹرین کی اوسط رفتار صرف 52 سے 54 کلو میٹر ہے ، جو کہ عام سوپر فاسٹ ریل کی رفتار سے بھی کم ہے ۔ شیرڈی گھاٹ پر تو یہ ٹرین کچھوے کی رفتار سے چلتی ہے ۔ جبکہ اس کا کرایہ ایک عام سوپر فاسٹ ٹرین سے بھی زیادہ ہے ۔
حالانکہ اس ٹرین کی بوگیوں میں سنٹرل ایئر کنڈیشنر کی سہولت ہے ، لیکن مسلسل دس بارہ گھنٹوں کو چیئرز پر بیٹھ کر سفر کرنا آسان نہیں ہے ۔ بالخصوص معمر افراد اور بچوں کے لئے آگے پیچھے کھسکانے کی گنجائش نہ رکھنے والی کرسیوں پر ایک ہی حالت میں بیٹھے بیٹھے اتنا لمبا سفر طے کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔
مسافروں کا کہنا ہے کہ اتنی کم رفتار کے لیے اتنا زیادہ کرایہ لینا ٹھیک نہیں ہے ۔ اس لئے اس کی رفتار بڑھانے اور کرایے میں تخفیف کرنے پر فوری توجہ دی جائے۔