ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ایس آئی آر میں چھوٹے اہل ووٹروں کو دوبارہ نام درج کرانے کی اجازت، فارم-6 بھرنے پر کوئی قانونی کارروائی نہیں ہوگی: الیکشن کمیشن

ایس آئی آر میں چھوٹے اہل ووٹروں کو دوبارہ نام درج کرانے کی اجازت، فارم-6 بھرنے پر کوئی قانونی کارروائی نہیں ہوگی: الیکشن کمیشن

Mon, 16 Nov 2026 12:44:52    S O News

نئی دہلی، 16/ نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی) الیکشن کمیشن  نے ایک بار پھر سپریم کورٹ میں ضمنی حلف نامہ کے ذریعہ یقین دہانی کرائی ہے کہ ایس آئی آر کے دوران چھوٹ گئے تمام اہل ووٹرس کو انتخابی فہرست میں شامل کیا جائےگا۔ کمیشن نے ملک کی سب سےبڑی عدالت کو  بتایا ہے کہ جن ووٹروں کے نام پہلے انتخابی فہرستوں میں  تھے، لیکن  ڈرافٹ  لسٹ  میں شامل نہیں ہیں، وہ قانونی کارروائی کے خوف کے بغیر نئے سرے سے فارم -۶ بھر کر  اپنے نام کے اندراج کی درخواست دے سکتے ہیں۔کمیشن نے  ایس آئی آر کے دوران آنے والے مسائل کو حل کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ ’’وقتاً فوقتاً مسائل سامنے آئے ہیں اور آئندہ بھی آسکتے ہیں۔ کمیشن اس ضرورت سے پوری طرح واقف ہے کہ تمام اہل ووٹروں کے نام انتخابی فہرستوں میں موجود ہوں۔ اس کے ساتھ ہی یہ بھی ضروری ہے کہ فہرستوں میں پائی جانے والی تمام خامیوں اور بے ضابطگیوں کو دور کیا جائے۔‘‘

الیکشن کمیشن نے ضمنی حلف نامے میں عدالت کو اطلاع دی ہے کہ ریاستوں کے  چیف الیکٹورل افسران (سی ای اوز) سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ   مقامی زبانوں  میں اس وضاحت کی  بڑے پیمانے پر تشہیر کریں کہ دوبارہ نام کی شمولیت کیلئے فارم-۶؍ بھرنے پر کوئی کارروائی نہیں ہوگی۔  حلف نامے میں کہا گیا ہےکہ ’’کمیشن کے علم میں یہ بات لائی گئی تھی کہ بعض لوگوں میں یہ خدشات پائے جاتے ہیں کہ جن افراد کے نام سابقہ انتخابی فہرستوں میں ووٹر کے طور پر درج تھے   ایس آئی آر  کے دوران  ڈرافٹ  لسٹ میں شامل نہیں ہوئے وہ  اگر فارم ۶ کے ذریعے دوبارہ اندراج کی درخواست دیں گے ہیں تو انہیں عوامی نمائندگی قانون ۱۹۵ء۰ کی دفعہ ۳۱؍ کے تحت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، کیونکہ ان کے نام پہلے ہی انتخابی فہرستوں میں درج تھے۔‘‘ واضح رہے کہ فارم ۶؍ میں یہ حلفیہ بیان شامل ہے کہ اندراج کروانے والے کا نام پہلے ووٹر لسٹ میں نہیں تھا۔

 الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ ’’اس طرح کے خدشات دور کرنے کیلئےکمیشن نے وضاحت کی ہے کہ محض اس بنیاد پر کسی کے خلاف قانونی کارروائی نہیں کی جائے گی کہ ایس آئی آر سے قبل اس کا نام انتخابی فہرست میں موجود تھا ۔ تاہم  اس کے لیے ضروری ہے کہ درخواست گزار یا ووٹر کا نام کسی دوسری پارلیمانی یا اسمبلی حلقے کی انتخابی فہرست میں موجود  نہ ہو اور اس کی جانب سے کیا گیا اعلان دیگر قانونی شرائط کے مطابق ہو۔‘‘

الیکشن کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ اس نے سپریم کورٹ کی اس تجویز پر بھی غور کیا ہے کہ اُن ووٹروں سے رابطہ کیا جائے جن کے نام’’ اے ایس ڈی ڈی‘‘ (غیر حاضر، منتقل، فوت یا دوہرے اندراج والے) ووٹرس کی فہرست میں آ جانے کی وجہ سے  انتخابی فہرست سے خارج ہو گئے ہیں  تاکہ ان کے نام دوبارہ شامل کئے جا سکیں۔کمیشن نے کہاکہ ’’ووٹروں کے مفاد میں مزید اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں کمیشن نے ۶ ؍نومبر ۲۶ء کو  ان ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے چیف الیکٹورل افسران کو ہدایات جاری کی گئی ہیں جہاں ایس آئی آر کا عمل جاری ہے۔‘‘ الیکشن کمیشن کے مطابق، چیف الیکٹورل افسران سے کہا گیا ہے کہ وہ مذکورہ  ووٹرس کو اپنا مکمل طور پر پُر کیا ہوا انومریشن فارم (ضمیمہ اے) اپنے موجودہ معمول کے رہائشی علاقے کے الیکٹورل رجسٹریشن افسر (ای آر او)، اسسٹنٹ الیکٹورل رجسٹریشن افسر (اے ای آر او) یا بوتھ لیول افسر (بی ایل او) کے پاس جمع کرانے کی اجازت دیں۔

کمیشن نے کہا، ’’جن ووٹروں نے اپنا رہائشی مقام تبدیل نہیں کیا ہے، وہ دستخط شدہ انومریشن فارم (ضمیمہ اے) کے ساتھ ضمیمہ بی میں یہ وضاحت بھی جمع کرا سکتے ہیں کہ انہوں نے پہلے اندراجی فارم کیوں جمع نہیں کرایا تھا۔ یہ دستاویزات وہ خود یا اپنے خاندان کے کسی فرد کے ذریعے ای آر او، اے ای آر او یا بی ایل او کے پاس جمع کرا سکتے ہیں۔‘‘ کمیشن نے کہا  ہے کہ  مذکورہ فارم ’’ ای سی آئی نیٹ پر ای-سائن کے ذریعے آن لائن جمع کرنے کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔‘‘الیکشن کمیشن نے بتایا کہ ایسا نظام وضع کرنے کی ہدایت دی گئی ہے جس کے تحت کوئی بھی ووٹر، مقررہ اہلیت کی شرائط پوری کرنے کی صورت میں، حتمی انتخابی فہرست میں اپنا نام شامل کرانے کے موقع سے محروم نہ رہے۔ اس کے ساتھ ہی ووٹروں کے دوہرے اندراج سے بچنے کیلئے  بھی ضروری احتیاط برتی جائے گی۔


Share: