ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / ہلدوانی میں ’شدھی کرن‘ پر بی جے پی رہنماؤں کے خلاف کارروائی، بنگلورو میں زیرو ایف آئی آر

ہلدوانی میں ’شدھی کرن‘ پر بی جے پی رہنماؤں کے خلاف کارروائی، بنگلورو میں زیرو ایف آئی آر

Sat, 05 Sep 2026 12:11:18    S O News

بنگلورو   ، 5/ ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے کی عوامی ریلی کے بعد اتراکھنڈ کے ہلدوانی میں مبینہ طور پر کیے گئے ’شدھی کرن‘ کو لے کر تنازعہ گہرا گیا ہے۔ اس معاملے میں بنگلورو کی ودھان سودھا پولیس نے اتراکھنڈ بی جے پی کے صدر مہندر بھٹ اور پارٹی کے دیگر اراکین کے خلاف زیرو ایف آئی آر درج کی ہے۔ پولیس کے مطابق یہ معاملہ کانگریس کے ایس ٹی شعبہ کے سابق نائب صدر ٹی آر رامپا کی جانب سے 31 اگست کو دی گئی شکایت کی بنیاد پر درج کیا گیا۔

شکایت میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ 8 اگست کو ہلدوانی کے رام لیلا میدان میں ملکارجن کھرگے نے ایک عوامی ریلی سے خطاب کیا تھا۔ اس کے 2 دن بعد 10 اگست کو بی جے پی کے کچھ عہدیداروں اور کارکنوں نے اسی مقام پر مبینہ طور پر ’شدھی کرن‘ کی رسم ادا کی۔ شکایت کنندہ کا الزام ہے کہ اس مبینہ رسم کے ذریعے یہ پیغام دینے کی کوشش کی گئی کہ درج فہرست ذات برادری سے تعلق رکھنے والے کھڑگے کی موجودگی سے ریلی کا مقام ناپاک ہوگیا تھا اور اس لیے اسے مذہبی طریقے سے ’شدھی کرن‘ (پاک کرنا) ضروری تھا۔

شکایت میں اتراکھنڈ بی جے پی کے صدر مہندر بھٹ کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ الزام ہے کہ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کے دوران مبینہ ’شدھی کرن‘ پروگرام کا دفاع اور حمایت کی۔ پولیس نے بتایا کہ قانونی رائے لینے کے بعد 4 ستمبر کو معاملہ درج کیا گیا۔ ایف آئی آر میں بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس)، درج فہرست ذات و درج فہرست قبائل (مظالم کی روک تھام) ایکٹ اور شہری حقوق کے تحفظ کے قانون کی متعلقہ دفعات لگائی گئی ہیں۔ پولیس معاملے کی تفتیش کر رہی ہے۔ پولیس کے مطابق زیرو ایف آئی آر کسی بھی تھانے میں درج کی جاسکتی ہے، خواہ مبینہ جرم اس تھانے کی علاقائی حدود میں نہ ہوا ہو۔ بعد میں معاملہ متعلقہ پولیس تھانے کو بھیجا جاسکتا ہے۔


Share: