ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / بنگلورو کی ترقی کے لیے تمام محکمے تال میل سے کام کریں: کرشنا بائرے گوڑا

بنگلورو کی ترقی کے لیے تمام محکمے تال میل سے کام کریں: کرشنا بائرے گوڑا

Sat, 04 Jul 2026 11:59:52    S O News

بنگلورو ، 4/ جون (ایس او نیوز /ایجنسی ) کرناٹک کے وزیر برائے گریٹر بنگلورو ڈیولپمنٹ کرشنا بائرے گوڑا نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت دی ہے کہ بنگلورو کی ہمہ جہت ترقی اور شہریوں کو معیاری سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام سرکاری ادارے باہمی تال میل اور مشترکہ حکمتِ عملی کے ساتھ کام کریں۔

وِکاس سودھا میں گریٹر بنگلورو اتھارٹی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ شہریوں اور مختلف تنظیموں کی جانب سے طویل عرصے سے مختلف محکموں کے درمیان رابطے کے فقدان پر ناراضی ظاہر کی جا رہی ہے، جس کے باعث ترقیاتی منصوبے متاثر ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلدیہ، جل منڈلی، بی ایم ٹی سی، میٹرو، کے پی ٹی سی ایل، بیسکام، کے-رائیڈ اور دیگر ادارے ایک دوسرے سے ہم آہنگی کے بغیر الگ الگ کام کر رہے ہیں۔ اس کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ ایک محکمہ سڑک تعمیر کرتا ہے اور چند ماہ بعد دوسرا محکمہ اسی سڑک کو دوبارہ کھود دیتا ہے، جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور سرکاری وسائل بھی ضائع ہوتے ہیں۔

کرشنا بائرے گوڑا نے کہا کہ انہی مسائل کے مستقل حل کے لیے گریٹر بنگلورو اتھارٹی (GBA) تشکیل دی گئی ہے تاکہ تمام متعلقہ محکموں کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر منصوبہ بندی کی جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ ہر دو ماہ بعد ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا جائے گا، جبکہ ضرورت پڑنے پر ہر ماہ بھی اجلاس بلایا جا سکتا ہے۔

وزیر نے تمام محکموں کو ہدایت دی کہ کسی بھی ترقیاتی منصوبے یا تعمیراتی کام کے آغاز سے قبل متعلقہ اداروں کے ساتھ لازمی طور پر رابطہ اور ہم آہنگی قائم کی جائے تاکہ غیر ضروری رکاوٹوں اور وسائل کے ضیاع سے بچا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 30 سے 40 برس سے جاری بین محکمہ جاتی رابطے کی کمی کو ایک یا دو اجلاسوں میں ختم نہیں کیا جا سکتا، تاہم مسلسل کوششوں کے ذریعے شہر کے بنیادی ڈھانچے، میٹرو منصوبوں، لاسٹ مائل کنیکٹیویٹی اور سڑکوں کی ترقی جیسے شعبوں میں نمایاں بہتری لائی جائے گی۔

وزیر نے ہدایت دی کہ شہر میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں، سڑکوں، اسٹریٹ لائٹس، آبی ڈھانچے، جاری تعمیراتی کاموں اور دیگر معلومات کو ایک ہی پلیٹ فارم پر دستیاب کرانے کے لیے جی آئی ایس (GIS) پر مبنی جدید ڈیش بورڈ تیار کیا جائے، تاکہ شہریوں اور سرکاری افسران کو تمام معلومات ایک ہی جگہ میسر آ سکیں۔

فٹ پاتھوں سے تجاوزات ہٹانے کے حوالے سے سوال کے جواب میں کرشنا بائرے گوڑا نے کہا کہ بنگلورو میں فٹ پاتھوں پر قبضوں کی وجہ سے ہر سال تقریباً 300 افراد حادثات میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ ان اموات کی ذمہ داری کون لے گا اور متاثرہ خاندانوں کو کیا جواب دیا جائے گا؟

انہوں نے واضح کیا کہ شہر کی صرف تقریباً 20 فیصد سڑکوں پر تجاوزات ہٹانے کی کارروائی کی جا رہی ہے، جبکہ دیگر علاقوں میں سڑک کنارے کاروبار کرنے والوں کو مناسب مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

اجلاس میں ریاست کے اعلیٰ سرکاری افسران، پولیس، بلدیہ، جل منڈلی، بیسکام، بی ڈی اے، کے-رائیڈ، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز اور دیگر متعلقہ محکموں کے سینئر حکام شریک تھے۔


Share: