ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / وقف قانون پر ملک کے مختلف حصوں میں احتجاجی مظاہرے؛ بنگال کے مرشد آباد میں احتجاج نے لیا پُرتشدد رخ، 3 ہلاک، 100 سے زائد گرفتار

وقف قانون پر ملک کے مختلف حصوں میں احتجاجی مظاہرے؛ بنگال کے مرشد آباد میں احتجاج نے لیا پُرتشدد رخ، 3 ہلاک، 100 سے زائد گرفتار

Sun, 13 Apr 2025 11:11:57    S O News
وقف قانون پر ملک کے مختلف حصوں میں احتجاجی مظاہرے؛ بنگال کے مرشد آباد میں احتجاج نے لیا پُرتشدد رخ، 3 ہلاک، 100 سے زائد گرفتار

کولکاتہ، 13/اپریل (ایس او نیوز/ ایجنسی) مسلم تنظیموں کی سخت مخالفت کے باوجود مرکز کی بی جے پی حکومت کی جانب سے وقف قانون میں ترمیم کرکے لاگو کئے جانے کو لے کر ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، جگہ جگہ  مظاہرے ہورہے ہیں، لیکن مغربی بنگال  کے مُرشد آباد میں ہوا حتجاجی مظاہرہ اُس وقت پُرتشدد رُخ اخیتار کرگیا جب یہاں  احتجاجیوں نے پولس وین سمیت کئی گاڑیوں کو نذر آتش کردیا۔یہاں ہوئے تشدد میں اب تک تین لوگوں کے مارے جانے کی تصدیق ہوئی ہے۔

مرشدآباد میں وقف (ترمیمی) قانون کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے دوران ہوئے تشدد  پر قابو پانے کے لئے  انتظامیہ نے یہاں دفعہ 144 کے تحت امتناعی احکامات نافذ کردئے ہیں۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق پولیس نے  110 سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ ان علاقوں میں انٹرنیٹ خدمات  معطل کر دی گئی ہیں ۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حالات پر قابو پانے کے لیے مسلسل چھاپے مارے جا رہے ہیں اور صورتحال کو مزید خراب ہونے سے بچانے کی کوششیں جاری ہیں۔

جمعہ کی نماز کے بعد مرشدآباد کے علاوہ مالدہ، جنوبی ۲۴؍پرگنہ اور ہُگلی اضلاع میں بھی وَقف قانون کے خلاف مظاہرے ہوئے جن میں تشدد پھوٹ پڑا۔ مختلف مقامات پر مشتعل افراد نے پولیس وین سمیت کئی گاڑیوں کو نذر آتش کر دیا، سیکوریٹی فورسیز پر پتھراؤ کیا اور سڑکوں کو بند کر دیا۔پولیس کے ایک سینئر افسر کے مطابق صرف مرشدآباد کے سُتی اور شمشیرا گنج علاقوں سے بالترتیب ۷۰؍ اور۴۱؍ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ مرشدآباد ضلع میں سنیچر کو دوبارہ تشدد پھوٹ پڑا۔بتایا گیا کہ مشتعل ہجوم نے باپ بیٹے کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیا۔ مہلوکین کی شناخت ہرگووند داس (باپ) اور چندن داس (بیٹے) کے طور پر ہوئی ہے۔  اسی دوران ایک   17 سالہ لڑکا  جس کی شناخت  اعزاز ا حمد شیخ کے طور پر ہوئی ہے، گولی لگنے سے زخمی ہوگیا تھا جو سنیچر کو زخموں کی تاب نہ لاکر اسپتال میں چل بسا۔ یہ تشدد ضلع کے شمشیر گنج بلاک کے دھولیاں میں ہوا تھا۔  اس طرح مرشد آبادمیں ہوئے  تشدد میں اب تک۳؍ افراد کی موت ہو چکی ہے۔

 اے ڈی جی (لا اینڈ آرڈر) جاوید شمیم ​​نے کولکاتا میں ایک پریس کانفرنس میں بتایا  کہ  ابتدائی معلومات کے مطابق گولی پولیس کی طرف سے نہیں چلائی گئی تھی، یہ بی ایس ایف کی طرف سے ہو سکتی ہے۔ اب تک۱۱۸؍ افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے ۔ اس دوران مغربی بنگال بی جے پی کے صدرسکانتا مجمدار نے ممتا بنرجی پر ریاست کے  ہندوؤں کو خوفزدہ کرنے کا الزام لگایااور کہا کہ وہ مغربی بنگال کو’ بنگلہ دیش ‘ بنانے کی کوشش کررہی ہیں۔اس دوران ریاست کے گورنر سی وی آنند بوس نے پورے معاملے پر امیت شاہ سے بات کی ہے۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں احتجاج کا خیرمقدم ہے لیکن تشدد کا نہیں۔


Share: