ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / بیلگاوی کے بی جے پی رکن اسمبلی ابھے پاٹل دہلی میں ہوئے کار حادثے میں زخمی

بیلگاوی کے بی جے پی رکن اسمبلی ابھے پاٹل دہلی میں ہوئے کار حادثے میں زخمی

Mon, 24 Aug 2026 09:55:59    S O News
بیلگاوی کے بی جے پی رکن اسمبلی ابھے پاٹل دہلی میں ہوئے کار حادثے میں زخمی

بیلگاوی، 24 اگست (ایس او نیوز): قومی دارالحکومت نئی دہلی میں اتوار کی شب پیش آئے ایک سڑک حادثے میں کرناٹک کے بیلگاوی جنوبی حلقے کے بی جے پی رکن اسمبلی ابھے پاٹل اور دہلی کے کیراڑی حلقے کے عام آدمی پارٹی رکن اسمبلی انیل جھا سمیت چھ افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق تمام زخمیوں کی حالت مستحکم ہے۔

حادثہ اتوار کی رات تقریباً ساڑھے 9 بجے آئی ٹی او کے قریب پی ڈبلیو ڈی دفتر کے نزدیک آئی پی اسٹیٹ پولیس تھانے کی حدود میں پیش آیا۔ پولیس کے مطابق لکشمی نگر سے آئی ٹی او کی سمت جانے والی ایک سوئفٹ کار، جسے 32 سالہ آشوتوش پانڈے چلا رہے تھے، اچانک سڑک کے ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی۔ اس کے بعد کار ڈیوائیڈر کے دوسری جانب موجود ریلنگ کو عبور کرتے ہوئے مخالف سمت سے آنے والی انووا سے جا ٹکرائی۔

پولیس کے مطابق انووا میں کیراڑی کے رکن اسمبلی انیل جھا اور کرناٹک کے بیلگاوی جنوبی حلقے کے رکن اسمبلی ابھے پاٹل سوار تھے۔ دوسری جانب سوئفٹ کار میں آشوتوش پانڈے، ان کی اہلیہ اور ان کے دو کمسن بچے موجود تھے۔ حادثے میں دونوں ارکان اسمبلی سمیت کار میں سوار تمام چھ افراد زخمی ہوئے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی آئی پی اسٹیٹ پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور دونوں تباہ شدہ گاڑیوں کو اپنے قبضے میں لیا۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر لوک نائک جے پرکاش (LNJP) اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں طبی امداد کے بعد ان کی حالت مستحکم بتائی گئی۔

پولیس نے بتایا کہ حادثے کی اصل وجہ جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔ 


Share: