بنگلورو، 19/ اگست (ایس او نیوز /ایجنسی) کرناٹک میں خصوصی انتخابی نظرثانی مہم کے تحت انتخابی فہرستوں کی ڈیجیٹلائزیشن کا عمل تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ چیف الیکٹورل آفیسر کرناٹک کے دفتر کی جانب سے جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق ریاست میں موجود 5,54,32,314 ووٹروں کے تمام انتخابی فارم تقسیم اور ڈیجیٹلائز کیے جا چکے ہیں۔ 18 اگست کو شام 4 بجے تک 4,46,35,899 انتخابی فارم یعنی 80.52 فیصد فارم براہ راست ڈیجیٹلائز کیے گئے، جبکہ 1,07,96,415 ووٹروں کو اے ایس ڈی ڈی او زمرے میں نشان زد کیا گیا، جو کل ووٹروں کا 19.48 فیصد ہے۔
اے ایس ڈی ڈی او زمرے میں شامل ووٹروں میں 15,17,056 غیر قابلِ سراغ یا غیر حاضر ووٹر، 65,45,721 مستقل طور پر منتقل ہو چکے ووٹر، 16,39,871 متوفی ووٹر، 7,09,875 پہلے ہی کسی دیگر جگہ درج ووٹر اور 3,83,892 دیگر زمروں میں شامل ووٹر ہیں۔
چیف الیکٹورل آفیسر کے مطابق اے ایس ڈی ڈی او فہرست سیاسی جماعتوں کے حوالے کر دی گئی ہے اور بوتھ سطح کے افسران کے پاس بھی تصدیق کے لیے دستیاب ہے۔ اگر کسی ووٹر کا نام غلط طور پر اے ایس ڈی ڈی او زمرے میں شامل ہوا ہے تو متعلقہ بوتھ سطح کے افسر یا انتخابی رجسٹریشن افسر کے ذریعے 17 اگست 2026 تک فارم کی واپسی اور تصحیح کی سہولت فراہم کی گئی تھی۔
دریں اثنا، 16 جون سے 17 اگست 2026 کے دوران نئے اندراج، نام حذف کرنے، منتقلی اور تفصیلات میں تصحیح سے متعلق مجموعی طور پر 13,42,250 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ ان میں فارم 6 کے تحت 4,34,235، فارم 6ا کے تحت 3,739، فارم 7 کے تحت 31,603 اور فارم 8 کے تحت 8,72,673 درخواستیں شامل ہیں۔
چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر نے یکم اکتوبر 2026 تک 18 سال کی عمر مکمل کرنے والے اہل نوجوانوں سے ووٹر فہرست میں اپنا نام درج کرانے کی اپیل کی ہے۔ اہل ہندوستانی شہری فارم 6 اور اعلامیہ فارم کے ذریعے آن لائن یا آف لائن اندراج کرا سکتے ہیں۔
ضلع وار اعداد و شمار کے مطابق اُ ڈپی میں ڈیجیٹلائزیشن کی شرح 94.00 فیصد، ہاویری میں 91.38 فیصد، اُ تر کنڑا میں 91.30 فیصد، دکشن کنڑ امیں 91.27 فیصد، چترادرگہ میں 90.09 فیصد اور چکمگلورو میں 89.93 فیصد رہی۔
بنگلورو شہری ضلع میں ڈیجیٹلائزیشن کی شرح 57.29 فیصد ہے، جبکہ بی بی ایم پی شمالی علاقے میں 54.88 فیصد، بی بی ایم پی وسطی میں تقریباً 54.46 فیصد اور بی بی ایم پی جنوبی میں 50.67 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ گلبرگہ میں یہ شرح 77.99 فیصد ہے۔
چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر نے واضح کیا ہے کہ اے ایس ڈی ڈی او فہرست میں شامل ووٹروں کے معاملات کی جانچ اور تصدیق ضروری ہے اور اہل ووٹروں کو انتخابی فہرست میں اپنا نام برقرار رکھنے یا شامل کرانے کے لیے مقررہ طریقہ کار کے تحت درخواست دینے کی سہولت موجود ہے۔