ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / اڈانی تنازعہ صرف پی ایم مودی کا نہیں، بلکہ پورے ملک کا مسئلہ ہے: راہل گاندھی

اڈانی تنازعہ صرف پی ایم مودی کا نہیں، بلکہ پورے ملک کا مسئلہ ہے: راہل گاندھی

Sat, 22 Feb 2025 13:08:11    S O News

نئی دہلی ، 22/فروری (ایس او نیوز/ایجنسی )لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے اڈانی تنازعہ پر وزیر اعظم نریندر مودی کے بیان کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی ذاتی معاملہ نہیں، بلکہ پورے ملک کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے امریکہ میں اڈانی تنازعہ سے متعلق پوچھے گئے سوال کو پی ایم مودی کے ذریعہ نجی معاملہ قرار دیے جانے پر سخت ردعمل ظاہر کیا۔ رائے بریلی سے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے اپنے پارلیمانی حلقہ کے دو روزہ دورے کے آخری دن لال گنج میں ایک تقریب کے دوران طلبا سے خطاب کرتے ہوئے یہ بیان دیا۔

راہل گاندھی نے کہا کہ اڈانی گروپ سے جڑا تنازعہ پورے ملک سے تعلق رکھتا ہے اور یہ بے حد اہم معاملہ ہے۔ پی ایم مودی کو اس کے بارے میں بات کرنی چاہیے تھی۔ امریکہ کہہ رہا ہے کہ اڈانی نے بدعنوانی کی ہے، لیکن ہندوستان میں وزیر اعظم اپنے دوست اڈانی سے کوئی سوال کیوں نہیں پوچھ رہے ہیں؟

کانگریس لیڈر نے وزیر اعظم نریندر مودی کے حالیہ امریکہ دورہ کے دوران میڈیا کے ساتھ ان کی بات چیت کا تذکرہ کرتے ہوئے مذکورہ بالا بیانات دیے۔ کانگریس کے سابق صدر نے وزیر اعظم کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ’’مودی جی، یہ کوئی ذاتی معاملہ نہیں ہے۔ یہ ملک کا معاملہ ہے۔‘‘ راہل گاندھی نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ پی ایم مودی نے امریکی میڈیا سے کہا کہ صنعت کار گوتم اڈانی ان کے دوست ہیں، وہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے ان کے بارے میں کچھ نہیں پوچھیں گے۔

راہل گاندھی نے اپنی بات آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ ’’اڈانی کے خلاف امریکہ میں بدعنوانی اور چوری کا معاملہ ہے، اور ہمارے وزیر اعظم کیا کہتے ہیں، یہ ایک ذاتی معاملہ ہے اور ہم اس پر بات نہیں کرتے ہیں۔ اگر وہ واقعی میں ہندوستان کے وزیر اعظم ہوتے تو انھوں نے ٹرمپ سے اس معاملے کے بارے میں پوچھا ہوتا، اور ان سے کہا ہوتا کہ وہ اس کی جانچ کرائیں گے، اور اگر ضرورت پڑی تو اڈانی کو جانچ کے لیے (امریکہ) بھیجیں گے۔ لیکن انھوں نے کہا کہ یہ ایک ذاتی معاملہ ہے۔‘‘

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں جب پی ایم مودی سے گوتم اڈانی گروپ کے بارے میں چل رہے تنازعہ سے متعلق سوال کیا گیا تھا تو وزیر اعظم نے کہا تھا ’’یہ ایک ذاتی معاملہ تھا، اور جب دو ممالک کے لیڈران ملتے ہیں تو ایسے معاملوں پر بات نہیں کی جاتی ہے۔‘‘ راہل گاندھی نے پی ایم مودی کے اسی بیان کو آج ہدف تنقید بنایا۔


Share: