بھٹکل، 7/ جون (ایس او نیوز): سعودی عرب کے مشرقی صوبے (منطقۃ الشرقیہ) میں قائم بھٹکل مسلم جماعت (دمام) کے دو سالہ میعاد پر منعقد ہونے والے انتخابات گزشتہ روز کامیابی کے ساتھ انجام پائے، جن میں 27 اراکین کا انتخاب عمل میں آیا۔ جماعت کی تاریخ میں پہلی مرتبہ انتخابات کے لیے ڈیجیٹل ووٹنگ کا نظام متعارف کرایا گیا، جس کے ذریعے نہ صرف سعودی عرب میں مقیم بلکہ بھٹکل اور ہندوستان کے مختلف شہروں میں موجود جماعت کے اراکین نے بھی آن لائن ووٹنگ میں حصہ لیتے ہوئے اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کیا۔ اس جدید نظام کی بدولت بیرونِ ملک اور ہندوستان میں موجود ممبران کو انتخابی عمل میں براہِ راست شریک ہونے کا موقع ملا۔
انتخابات کے سلسلے میں بھٹکل میں موجود جماعت کے سرگرم رکن جواد سُکری نے بتایا کہ تحلیل شدہ انتظامیہ میں شامل اراکین میں سے ابتدائی طور پر پانچ افراد کو انتخابی عمل کی نگرانی کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔ ان میں جناب شعور میگون کو الیکشن کمشنر مقرر کیا گیا، جبکہ جناب جاوید کولا، ارشاد صدیقہ، خطّاب معلم اور ایس ایم امتیاز نے بھی انتخابی کارروائیوں کو خوش اسلوبی سے انجام دینے میں اہم ذمہ داری نبھائی۔
انہوں نے بتایا کہ انتخابات کے ذریعے منتخب ہونے والے 27 اراکین میں سات نئے چہرے بھی شامل ہیں، جو پہلی مرتبہ انتظامیہ کا حصہ بنیں گے۔
انتخابی میدان میں مجموعی طور پر 41 امیدوار موجود تھے۔ جماعت کے 436 اہلِ ووٹ اراکین میں سے 356 اراکین نے ووٹنگ میں حصہ لیا۔ عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے باعث 64 اراکین بھٹکل میں موجود تھے، جن میں سے 57 اراکین نے آن لائن ووٹنگ کے ذریعے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔ اس مقصد کے لیے بھٹکل رابطہ سوسائٹی کے دفتر میں خصوصی انتظامات کیے گئے تھے تاکہ مقامی طور پر موجود اراکین آسانی کے ساتھ ووٹنگ میں حصہ لے سکیں۔
ڈیجیٹل ووٹنگ کے لیے استعمال ہونے والا سافٹ ویئر بھٹکل انجینئرنگ کالج کے طلبہ اذان پیشمام اور صفوان پیرزادے نے تیار کیا تھا۔ اس جدید نظام کی بدولت دمام میں قائم جماعت کے مرکزی دفتر کے علاوہ ہندوستان کے مختلف شہروں میں موجود اراکین بھی باآسانی آن لائن ووٹنگ میں شریک ہوئے اور اس سہولت سے بھرپور استفادہ کیا۔
جواّد سُکری کے مطابق آئندہ دو ہفتوں کے اندر نو منتخب اراکینِ انتظامیہ کا پہلا اجلاس طلب کیا جائے گا، جس میں صدر اور دیگر عہدیداران کا انتخاب عمل میں آئے گا۔ بعد ازاں نو منتخب صدر کو مزید تین اراکین نامزد کرنے کا اختیار حاصل ہوگا، جس کے بعد انتظامیہ کمیٹی کی مجموعی تعداد 35 اراکین پر مشتمل ہو جائے گی۔
واضح رہے کہ معروف تاجر جناب یونس قاضیا اور جناب اقبال ائکيری (کیمیا) جماعت کے سرپرست ہیں۔ جبکہ انتخابات میں منتخب ہونے والے 27 اراکین کے نام درج ذیل ہیں:
مولوی تنویر جُوشّیدی، جواّد سُکری، ارشاد علی اکبرا، سرفراز جاکٹی، ثناء اللہ ایم ایچ، فیاض موٹیا، ہشام برماور، عیسیٰ شابندری، عمیر برماور، عبد الستار رکن الدین، عبد الرحمن صیّاف، ضیاء شنگیری، فہیم سعدا، رئیس صدیقہ، صہیب شابندری، الطاف جُوشّیدی، فیض افریقہ، نزیہ ائکيری، طیب موٹیا، عبد الحمید کولا، صدف شابندری، تنویر ایس ایم، پیرزادے فاروق، سمیع اللہ نائطے ، عبد الستار عجائب، جلیل ائکيری اور ارشد کاڈلی۔