بنگلورو، 15 ستمبر (ایس او نیوز): گنیش چتُرتھی کے تہوار کے بعد کرناٹک کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے تین الگ الگ المناک حادثات میں مجموعی طور پر 10 افراد ہلاک ہوگئے۔ ان میں منڈیا میں دودھ کے ٹینکر اور اسکوٹر کے تصادم میں تین افراد، بیلگاوی میں کے ایس آر ٹی سی بس اور موٹر سائیکل کی ٹکر میں تین نوجوان، جبکہ بیلگاوی شہر میں مکان میں لگی آگ میں ایک ہی خاندان کے چار افراد کی موت شامل ہے۔
منڈیا میں تین افراد ہلاک:
منڈیا ضلع کے مڈور تعلقہ میں کوپّا گاؤں کے قریب منگل کی صبح ایک دودھ کے ٹینکر نے اسکوٹر کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں اسکوٹر پر سوار تین افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق تینوں گنیش تہوار منانے کے لیے اپنے آبائی گاؤں آئے تھے اور تہوار کی تقریبات مکمل ہونے کے بعد اسکوٹر پر بنگلورو واپس جا رہے تھے کہ یہ حادثہ پیش آیا۔
مرنے والوں کی شناخت کاویہ، متّوراج اور کیرتنا کے طور پر کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ تینوں کا تعلق کوپّا گاؤں سے ہے۔ حادثے کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر ضروری کارروائی کی اور معاملہ درج کرلیا۔
بیلگاوی میں تین نوجوان ہلاک:
بیلگاوی ضلع میں سودتی کے مضافاتی علاقے میں ایک سرکاری بس اور موٹر سائیکل کے درمیان شدید تصادم میں تین نوجوان موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق حادثہ بیلگاوی-سودتی روڈ پر پیش آیا۔ ان کی شناخت سودتی کے رہنے والے ونود ہوگینّور (22)، آکاش جادھو (20) اور روی کروبَر (22) کے طور پر کی گئی ہے۔
وہ گنیش جلوس دیکھنے کے بعد موٹر سائیکل پر واپس جا رہے تھے۔ اسی دوران سودتی سے دھارواڑ کی طرف جانے والی کے ایس آر ٹی سی بس اور مخالف سمت سے آنے والی موٹر سائیکل میں تصادم ہوگیا۔ تینوں نوجوانوں نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔
بیلگاوی میں آگ لگنے سے چار افراد ہلاک:

ایسا ہی ایک دلخراش حادثہ بیلگاوی شہر کی چوہان گلی میں پیش آیا، جہاں ایک مکان میں آگ لگنے سے ایک ہی خاندان کے چار افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ دو دیگر شدید زخمی ہوئے۔ اطلاع کے مطابق گھر میں رات کا کھانا کھانے کے بعد اہل خانہ سو گئے تھے، جس کے دوران آگ بھڑک اٹھی۔ فریج میں خرابی یا دھماکے کے نتیجے میں آگ لگنے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔
مرنے والوں میں گجانن راجارام دمونے (65)، روشن گجانن دمونے (21)، شاردا دمونے (45) اور بھارتی راجارام دمونے (50) شامل ہیں۔ حادثے میں پریا گجانن دمونے (28) اور گنگا گجانن دمونے (25) زخمی ہوئے ہیں، جنہیں علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔