صنعاء،6؍اگست(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)یمن کے بحران کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی طرف سے مقرر کردہ خصوصی ایلچی اسماعیل ولد الشیخ احمد نے کل جمعہ کو یمنی حکومت کے وفد سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے چند گھنٹے بعد یمن مذاکرات کو کچھ وقت کے لیے ملتوی کرنے کا باضابطہ اعلان کیا گیا ہے۔ یمن کے سرکاری وفدسے ملاقات میں ملک میں جاری بحران کے حل، تمام متحارب فریقین کو ایک بار پھر مذاکرات کی میز پرلانے اور مشاورتی عمل بحال کرنے کے طریقہ پر بات چیت کی گئی۔رات گئے اسماعیل ولد الشیخ احمد نے یمن کے بحران کے حل میں سرگرم 18ملکوں کے سفیروں سے بھی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں نے یمن کی موجودہ صورت حال ، امن بات چیت اور بحران کے حل کے سلسلے ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔آج ہفتے کو ولد الشیخ احمد حکومت اور باغیوں کے نمائندوں سے ایک بار پھر ملاقات کریں گے جس کے بعد کچھ وقت کے لیے مذاکراتی عمل ملتوی کردیا جائے گا۔
قبل ازیں یو این مندوب نے کہا تھا کہ ہفتے کو یمن مذاکرات ملتوی کیے جائیں گے تاہم جلد ہی بات چیت کا عمل بحال ہوجائے گا۔ادھر اقوام متحدہ کے مندوب کیدفترکے ذرائع کا کہنا ہے کہ امن بات چیت ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہی ہے۔موریتانیہ سے تعلق رکھنے والے امن ایلچی اسماعیل ولد الشیخ احمد نے کویتی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہفتے کے روز ہم اختتامی میٹنگ کریں گے۔ اس اجلاس میں اب تک طے پائے نکات کے بارے میں باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ 21اپریل سے جاری مذاکرات معمولی تعطل کے بعد جلد دوبارہ شروع ہوں گے۔