صنعاء ، 23؍ستمبر (ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )یمن کے وسطی صوبے بیضا میں امریکہ کے بغیر پائلٹ والے جاسوسی طیارے کے میزائل حملے میں القاعدہ کے تین مشتبہ جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں۔ان میں جزیرہ نما عرب میں القاعدہ کا ایک مقامی کمانڈر بھی شامل ہے۔یمنی حکام نے بتایا ہے کہ ڈرون نے بیضا کے علاقے صوامعہ میں القاعدہ کے جنگجوؤں کی ایک گاڑی پر میزائل داغا تھا جس سے گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہے۔ایک سیکورٹی عہدے دار کے بہ قول القاعدہ کے بہت سے جنگجوؤں نے نزدیک واقع صوبوں حضرموت ،ابین اور لحج میں یمنی سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے بعد بیضا میں پناہ لے رکھی ہے۔وسطی صوبے مآرب میں بدھ کے روز اسی طرح کے ایک ڈرون حملے میں القاعدہ کے دو مشتبہ جنگجو ہلاک ہوگئے تھے۔واضح رہے کہ امریکا کے خفیہ ادارے سی آئی اے کے بارے ہی میں یہ یقین کیا جاتا ہے کہ یمن میں جزیرہ نما القاعدہ کے جنگجوؤں کے استیصال کے لیے اس کے بغیر پائلٹ والے جاسوس طیارے میزائل حملے کررہے ہیں۔امریکہ کا کہنا ہے کہ مختلف ممالک میں اس کا ڈرون پروگرام القاعدہ کے جنگجوؤں کے خاتمے میں کامیاب رہا ہے۔یمن میں سی آئی اے کے علاوہ سعودی عرب کی قیادت میں اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے حالیہ مہینوں کے دوران القاعدہ کے جنگجوؤں پر فضائی حملے کیے ہیں اور ان کی یمنی علاقوں پر قبضے کی صلاحیت ختم کردی ہے۔عرب اتحاد کی فضائی مدد سے ہی گذشتہ مہینوں کے دوران یمنی صدر عبد ربہ منصور ہادی کی فورسز ساحلی شہر المکلا کا کنٹرول القاعدہ سے واپس لینے میں کامیاب ہوئی تھیں۔