صنعاء،24ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)یمن میں عرب اتحاد کے فضائی حملوں نے صنعاء کے مشرق میں واقع ضلع نہم میں المداویر کے پہاڑوں پر سرکاری فوج اور عوامی مزاحمت کاروں کے کنٹرول اور بنو بارق میں ملیشیاؤں کے لیے مرکزی سپلائی لائن منقطع کرنے کی راہ ہموار کر دی۔ادھر یمنی عسکری ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ بعض باغی رہ نما رابطے کر کے خود کو سرکاری فوج کے حوالے کرنے کے لیے کوشاں ہیں بشرط یہ کہ ان کی سلامتی کی ضمانت دی جائے اور ان کو صنعاء سے نکلنے کے لیے محفوظ راستہ فراہم کیا جائے۔ذرائع کے مطابق مسلح افواج کے بعض افسراج نے اعلی قیادت کو اس امر سے آگاہ کیا کہ گزشتہ چند روز کے دوران باغیوں کے ہمنوا عسکری رہ نماؤں کی جانب سے رابطے کے گئے جن میں ان رہ نماؤں نے اپنے ٹھکانوں سے آزاد علاقوں کی طرف کوچ کرنے اور سرکاری فوج کے ساتھ مل کر کام کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ بالخصوص ان میں متعدد شخصیات شورش زدہ علاقوں میں لڑائی کی کارروائیوں اور شہریوں پر حملوں میں براہ راست طور ملوث نہیں رہے۔اس سے قبل یمن کے صوبے مارب میں باغیوں کے زیر انتظام عسکری یونٹوں سے تعلق رکھنے والے متعدد افراد سرکاری فوج کی صفوں میں شامل ہو گئے تاکہ صوبے کے محاذوں پر ملیشیاؤں کا مقابلہ کیا جاسکے۔