ملپورم ، 13/مئی (ایس او نیوز /ایجنسی) کیرالہ میں دو کشتیوں کے آپس میں ٹکرانے کا اندوہناک واقعہ پیش آیا ہے۔ معاملہ 13 مئی کا ہے جب کیرالہ کے ماہی گیروں کی ایک کشتی کو سمندر میں ایک ہندوستانی مال بردار جہاز نے ٹکر مار دی۔ علی الصبح پیش آئے اس حادثہ میں دو ماہی گیروں کی موت واقع ہو گئی ہے۔
موصولہ اطلاع کے مطابق مال بردار جہاز اور ماہی گیروں کی کشتی کے درمیان ٹکر کا یہ واقعہ کیرالہ کے چاواکاڈو سے 32 سمندری میل کی دوری پر پیش آیا ہے۔ اس وقت ماہی گیروں والی کشتی میں چھ ماہی گیر سوار تھے۔ یہ سبھی جمعہ کے روز پونّانی سے روانہ ہوئے تھے، اور آج صبح حادثے کا شکار ہو گئے۔
بتایا جا رہا ہے کہ مال بردار جہاز سے ٹکرانے کے بعد ماہی گیروں کی کشتی دو حصوں میں تقسیم ہو گئی۔ جہاز پر سوار لوگوں نے چھ ماہی گیروں میں سے چار کو کسی طرح بچا لیا، لیکن عبدالسلام اور عبدالغفور کی ڈوبنے سے موت ہو گئی۔ بعد میں انڈین کوسٹ گارڈ اور بحریہ کی ٹیموں نے جائے وقوع پر پہنچ کر دونوں کی لاشیں سمندر سے نکالنے میں کامیابی حاصل کی۔