منگلورو4؍اکتوبر (ایس او نیوز) کدری میں وشوا ہندو پریشد کی نئی عمارت کا افتتاح کرتے ہوئے آر ایس ایس کے ایک سینئرلیڈرمُکندا سی آر نے ہندو نوجوانوں سے کہا کہ گؤ کشی اور لوجہاد خلاف طاقت کا استعمال کرنے سے زیادہ وہ قانونی جنگ لڑنے پر زور دیا کریں۔کیونکہ بدلتے حالات کے ساتھ ہمارا طریقہ کار بھی بدلنا چاہیے۔
مسٹر مکندا نے کہا کہ میں جسمانی طاقت کا استعمال کرنے سے منع نہیں کررہاہوں۔ لیکن ہندو رضاکاروں کو گؤ رکھشا سے متعلق قوانین کا بھرپور مطالعہ کرنا چاہیے اور قانونی چارہ جوئی کو زیادہ فوقیت دینا چاہیے۔اس کے لئے رائٹ ٹو انفارمیشن قانون کا بھی استعمال ہونا چاہیے۔اور یہ جو وی ایچ پی کی نئی عمارت تعمیر ہوئی ہے اسے گؤ کشی اور لو جہاد کے خلاف کارروائیوں کا مرکز بنانا چاہیے۔
وشوا ہندو پریشد انٹر نیشنل کے چمپت رائے نے کہا کہ سرحدوں پر فوجی دشمن کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں تو ہم لوگوں کو بھی اپنے ملک کی حفاظت کے لئے تیار ہوجانا چاہیے کیونکہ ملک کی حفاظت کا مطلب ہندوؤں کی حفاظت ہے۔اس موقع پر وی ایچ پی کے دیگر لیڈروں نے بھی اظہار خیال کیا۔ جنوبی کنیرا کے مختلف مٹھوں سے کئی سوامی جی بھی اس پروگرام میں شریک رہے۔