کولکاتہ،19؍اکتوبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے آج پھر بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) پر ’فرقہ پرستی‘ کوسخت وارننگ دی ہے۔ شہر میں مختلف مقامات پر کالی پوجا کے افتتاح کے بعدوزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے نامہ نگاروں سے کہاکہ بی جے پی فرقہ پرستی کی سیاست کررہی ہے اور لوگوں کو مذہب کے نام پر تقسیم کرنے کا کام کررہی ہے جسے بنگال کے لوگ برداشت نہیں کریں گے۔ بی جے پی کو یہاں قبولیت نہیں ملی ہے جس کی وجہ سے وہ ایسے کام کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ مجھے ان لوگوں سے نفرت ہے جو اپنا وجود قائم رکھنے کے لئے کے لئے دوسروں کے مذہبی عقیدوں کا استعمال کرتے ہیں۔ کوئی شخص کون سے مذہب کو مان رہا ہے یہ اس کا نجی معاملہ ہے۔ کوئی بھی کسی دوسرے شخص پر کسی مذہب کو تھوپ نہیں سکتا۔ حکمراں لوگوں کا فرض ہے کہ وہ لوگوں کومتحدکریں نہ کہ تقسیم کریں۔وزیراعلی ممتا بنرجی نے کہاکہ کچھ لوگوں نے مندر میں قابل اعتراض اشیا رکھ کر افواہ پھیلا دی ہے کہ ہندوؤں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کیلئے ایسا کیاگیا ہے۔ ان میں سے ایک شخص کو لوگوں نے رنگے ہاتھوں پکڑا تو اس نے قبول کیا کہ وہ بی جے پی کا رکن ہے۔ انہوں نے تمام لوگوں سے فرقہ پرستی کے جھوٹے جال نہیں پھنسنے کی گزارش کی۔محترمہ بنرجی نے کہاکہ ہندو اور مسلمان دونوں کے خون کا رنگ لال ہے۔ بنگال میں مختلف مذاہب اور عقیدہ کے لوگ بھائی چارہ کے ساتھ متحد ہوکر رہتے ہیں۔ انہوں نے تمام سے پرامن طریقہ سے رہنے کی اپیل کی۔