احمدآباد، 22جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا): گجرات میں پاٹیدارریزرویشن تحریک کی قیادت کے بعد ان دنوں مدھیہ پردیش میں کسانوں کے مسائل کو لے کر فعال ہاردک پٹیل نے کہاکہ وہ فی الحال انتخابی سیاست میں قسمت نہیں آزمائیں گے۔اس سال کے آخر تک گجرات اسمبلی کے انتخابات ہونے ہیں۔پٹیل نے کہاکہ میرا الیکشن لڑنے کا فی الحال کوئی ارادہ نہیں ہے۔میرا نہ تو کوئی سیاسی مقصد ہے، نہ ہی میں کسی سیاسی پارٹی کا چہرہ ہوں۔میں صرف معاشرے اور زرعی شعبے کے مسائل کو لے کر جدوجہد کر رہا ہوں۔24سالہ رہنما نے کہاکہ میں انتخابی سیاست میں اترنے کے بارے میں مناسب وقت پر فیصلہ کروں گا۔انہوں نے ایک سوال پر گجرات کے سینئرلیڈرشنکرسنگھ واگھیلا((77کے کانگریس چھوڑنے کوان کی عمر کے لحاظ سے بہترفیصلہ بتایا۔لیکن انہوں نے کہاکہ گجرات کے اگلے اسمبلی انتخابات میں واگھیلا کے ساتھ کسی ممکنہ اتحاد کو لے کر ان کا فی الحال نہ تو کوئی منصوبہ ہے، نہ ہی اس سلسلے میں دونوں رہنماؤں کے درمیان کوئی بات ہوئی ہے۔