ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اسپورٹس / ہندوستان نے انگلینڈ کو 7 رنوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی، نیوزی لینڈ سے ہوگا فیصلہ کن مقابلہ

ہندوستان نے انگلینڈ کو 7 رنوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی، نیوزی لینڈ سے ہوگا فیصلہ کن مقابلہ

Sat, 07 Mar 2026 13:54:09    S O News
ہندوستان  نے انگلینڈ کو 7 رنوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی، نیوزی لینڈ سے ہوگا فیصلہ کن مقابلہ

ممبئی ، 7/ مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی)ہندوستان نے ٹی-20 عالمی کپ 2026 کے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ یہ فیصلہ کن مقابلہ 8 مارچ کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس ہائی اسکورنگ میچ میں ہندوستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 253 رنوں کا بڑا ہدف کھڑا کیا، تاہم انگلینڈ کی ٹیم نے بھی سخت مقابلہ پیش کیا اور آخری لمحوں تک جیت کے لیے جدوجہد جاری رکھی۔ آخرکار ہندوستان نے یہ مقابلہ محض 7 رنوں سے اپنے نام کر لیا۔ رنوں کی اس زبردست بارش نے نہ صرف شائقین کرکٹ کو محظوظ کیا بلکہ میچ کے دوران کئی نئے ریکارڈ بھی قائم ہوئے۔

ٹاس انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے جیتا تھا اور پہلے گیندبازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ پہلے سے ہی اندازہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ پچ رنوں سے بھرپور ہے، اسی لیے انگلینڈ نے رنوں کا پیچھا کرنے کو ترجیح دی۔ سوریہ کمار کی قیادت والی ہندوستانی ٹیم کو اس سے کوئی فرق نہیں، پڑا کیونکہ پہلے ہی اوور سے سلامی بلے بازوں سنجو سیمسن اور ابھشیک شرما نے اپنی ارادہ ظاہر کر دیا تھا۔ حالانکہ ابھشیک (9 رن) ایک بار پھر 2 شاندار چوکا لگا کر جلد ہی پویلین لوٹ گئے، لیکن ایشان کشن (18 گیندوں پر 39 رن) نے آتے ہی تیزی سے رن بٹورنا شروع کر دیا۔ ان کے بعد شیوم دوبے میدان پر آئے جنھوں نے انگلش اسپن گیندبازوں کی بخیا ادھیڑی۔ سنجو-دوبے کی شراکت داری تیزی سے آگے بڑھ رہی تھی، لیکن سنجو 42 گیندوں پر 89 رنوں کی شاندار اننگ کھیل کر وِل جیکس کا شکار بن گئے۔ سنجو کو ان کی بہترین اننگ کے لیے پلیئر آف دی میچ ایوارڈ سے نوازا گیا۔

سنجو جب آؤٹ ہوئے تو ہندوستان کا اسکور 13.1 اوورس میں 3 وکٹ کے نقصان پر 160 رن تھا۔ یہاں سے دوبے اور کپتان سوریہ کمار یادو نے ذمہ داری سنبھالی، لیکن سوریہ 6 گیندوں پر 11 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ پھر ہاردک پانڈیا کا طوفان آیا، لیکن غلط کالنگ کی وجہ سے دوبے رَن آؤٹ ہو گئے۔ انھوں نے 25 گیندوں پر 43 رن بنائے۔ تلک ورما نے تو محض 7 گیندوں پر 21 رنوں کی طوفانی اننگ کھیلی۔ ہندوستان کی طرف سے آخری آؤٹ ہونے والے بلے باز پانڈیا رہے، جنھوں نے 12 گیندوں پر 27 رن بنائے۔

انگلینڈ کی طرف سے کوئی بھی گیندباز ایسا نہیں رہا، جس نے 10 رَن فی اوور سے کم کی شرح سے رَن دیے ہوں۔ وِل جیکس نے 4 اوورس میں 40 رن دے کر 2 وکٹ، عادل رشید نے 4 اوورس میں 41 رن دے کر 2 وکٹ اور جوفرا آرچر نے 4 اوورس میں 61 رن دے کر ایک وکٹ لیے۔ بقیہ گیندباز وکٹ سے محروم رہے۔ جیمی اوورٹن نے 3 اوورس میں 36 رن، سیم کرن نے 4 اوورس میں 53 رن اور لیام ڈاوسن نے 1 اوور میں 19 رن دیے۔ سبھی گیندبازوں نے مل کر 12 ایکسٹرا رن بھی دیے، جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ ہندوستانی ٹیم 20 اوورس میں 7 وکٹ کے نقصان پر 253 رن بنانے میں کامیاب ہو گئی۔

رنوں کے اس پہاڑ کو دیکھ کر ایسا محسوس ہو رہا تھا جیسے ہندوستانی ٹیم بہ آسانی میچ جیت لے گی۔ لیکن انگلش بلے بازوں نے کچھ الگ ہی ارادہ کر میدان میں قدم رکھا۔ فل سالٹ (5 رن) کو پانڈیا نے اپنے پہلے اوور کی پہلی گیند پر ضرور پویلین بھیج دیا، اور بمراہ نے کپتان ہیری بروک (7 رن) کو بھی سستے میں آؤٹ کر دیا، لیکن آنے والے بلے بازوں نے رنوں کی رفتار میں کسی طرح کی کمی نہیں ہونے دی۔ جوس بٹلر 17 گیندوں پر 25 رن، ٹام بینٹن 5 گیندوں پر 17 رن، وِل جیکس 20 گیندوں پر 35 رن اور سیم کرن 14 گیندوں پر 18 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ایک طرف یہ کھلاڑی تھوڑے تھوڑے رن بنا کر آؤٹ ہو رہے تھے، اور دوسری طرف جیکب بیتھل نام کا طوفان ہندوستانی گیندبازوں کی بخیا ادھیڑ رہا تھا۔ تن تنہا اس نے یکطرفہ نظر آ رہے اس میچ کو سخت مقابلہ والا اور سانسیں روک دینے والا بنا دیا۔

آخر کے 3 اوورس میں جب انگلینڈ کو جیت کے لیے 45 رنوں کی ضرورت تھی، تو اٹھارہواں اوور جسپریت بمراہ نے پھینکا، جس میں محض 6 رن آئے۔ اس کے بعد انیسویں اوور میں ہاردک پانڈیا نے سیم کرن کا وکٹ بھی لیا اور محض 9 رن دیے۔ اس طرح آخری اوور میں جیت کے لیے 30 رنوں کی ضرورت تھی۔ شیوم دوبے نے یہ آخری اوور پھینکا، جس کی پہلی ہی گیند پر جیکب بیتھیل 2 رن لینے کی کوشش میں رَن آؤٹ ہو گئے۔ یہاں بیتھیل کی 48 گیندوں پر 105 رنوں والی میراتھن اننگ ختم ہوئی، اور ایک طرح سے جیت بھی ہندوستان کی جھولی میں آ گیا۔ آخری اوور میں دوبے نے 22 رن ضرور دے دیے، لیکن ہندوستانی ٹیم نے فائنل میں جگہ بنا لی۔ انگلینڈ 20 اوورس میں 7 وکٹ کے نقصان پر 246 رن ہی بنا سکی۔

ہندوستانی کی جانب سے گیندبازی میں جسپریت بمراہ کی کارکردگی قابلِ ذکر رہی، جنہوں نے رنوں سے بھرپور اس مقابلے میں چار اوور میں 33 رن دے کر ایک اہم وکٹ حاصل کی۔ ہاردک پانڈیا نے بھی نپی تلی گیندبازی کرتے ہوئے اپنے چار اوورز میں 38 رن دے کر دو بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اس کے علاوہ عرشدیپ سنگھ، ورون چکرورتی اور اکشر پٹیل کو بھی ایک ایک وکٹ حاصل ہوئی، تاہم یہ تینوں گیندباز نسبتاً مہنگے ثابت ہوئے۔ شیوم دوبے کو بھی ایک اوور کرانے کا موقع ملا، لیکن وہ اس اوور میں 22 رن دے بیٹھے ۔


Share: