ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / گورنر نے رئیل ایسٹیٹ بل حکومت کو لوٹا دی

گورنر نے رئیل ایسٹیٹ بل حکومت کو لوٹا دی

Wed, 05 Oct 2016 11:11:07    S.O. News Service

بنگلورو،4؍اکتوبر(ایس اونیوز) ریاستی حکومت اور گورنر کے درمیان ابتدائی ٹکراؤ کے بعد جو خوشگوارماحول پیداہوا تھا، وہ زیادہ دیر تک باقی نہیں رہ پایا ، کیونکہ گورنر واجو بھائی والا نے ریاستی حکومت کی طرف سے منظور شدہ کرناٹکا اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی ( ترمیمی) قانون کو دستخط کئے بغیر حکومت کو لوٹا دیا ہے۔ اس کی وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ لے آؤٹ کی ترتیب کے مرحلے میں عوامی سہولیات کیلئے مخصوص جگہ کے رقبہ کو اس بل میں گھٹا دیا گیا ہے۔ بل میں رئیل ایسٹیٹ کے تاجروں کو فائدہ پہنچانے کی طرف زیادہ توجہ دی گئی ہے۔اس سے ماحولیات کو نقصان پہنچنے کے بھی اندیشے ظاہر کئے گئے ہیں۔ ریاستی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر جگدیش شٹر کی طرف سے اس بل کے متعلق اعتراض کرتے ہوئے گورنر کو جو مکتوب روانہ کیاگیا تھا، اس مکتوب کے نکات کو ہی بنیاد بناکر گورنر نے حکومت کو یہ بل لوٹا دیا ہے۔ پچھلی بار ڈی وائی ایس پی گنپتی کی خود کشی کے معاملہ پر ایوان میں ہنگامہ آرائی کے درمیان اس بل کو منظور کیاگیا، جس پر اپوزیشن پارٹیوں اور ماحولیاتی کارکنوں نے اعتراض کیاتھا۔ ضوابط کے مطابق کسی بھی نئے لے آؤٹ کی ترتیب کیلئے تقریباً 50 فیصد زمین بی بی ایم پی کے حوالے کرنی ہوگی، لیکن حکومت کی طرف سے طے شدہ قانون میں اس شرح کو گھٹا دیا گیا ہے۔ گورنر نے حکومت کو مشورہ دیا کہ اس بل پر جو بھی اعتراضات ہیں ان پر غور کرنے کے بعد دوبارہ اسے منظور کرایا جائے۔ضابطہ کے مطابق ہر لے آؤٹ میں پارک ، کھیل کے میدان ،اسپتال اور دیگر بنیادی سہولیات کیلئے 50 فیصد زمین مختص کرنی ہوگی، لیکن بل کو اس طریقے سے ترتیب دیا گیا ہے کہ رئیل ایسٹیٹ سے وابستہ لوگوں کو فائدہ پہنچے۔ بل میں کھیل کے میدان اور سی اے سائٹوں پر تجارتی کامپلکس کی تعمیر کو ترجیح دی گئی ہے۔ گورنر نے انہی نکات کی نشاندہی کرتے ہوئے حکومت کو یہ بل دوبارہ غور کرنے کیلئے لوٹا دیا ہے۔ 


Share: