گنگولی 3/اکتوبر (ایس او نیوز) یہاں چرچ روڈ کے قریب پیش آئی ایک واردات میں تین مزدوروں کے درمیان ہاتھاپائی کا معاملہ اتنا طول پکڑ گیا کہ بالاخر ایک نے دو لوگوں پر چاقو گھونپ دیا۔
موصولہ اطلاع کے مطابق چرچ روڈ پر ایک کامپلیکس کی تعمیر کرنے والے تین ورکروں راجیش، بھاسکر اور ونئے کے درمیان کسی بات کو لے کر جھگڑا شروع ہوگیا، باتوں باتوں میں پہلے ہاتھا پائی شروع ہوگئی، پھر اُن میں سے ایک ونئے نے چاقو نکال لیا اور بھاسکر کے پیٹ میں گھونپ دیا اس درمیان جب ونئے نے راجیش کے پیٹ میں چاقو گھونپنے کی کوشش کی تو راجیش کی ران میں چاقو گھس گیا۔ ساتھ ساتھ حملہ کو روکنے کی کوشش میں راجیش کے ہاتھ کو بھی سخت چوٹ لگی۔
بتایا گیا ہے کہ بعد میں ونئے نے اپنے کمرےمیں جاکر اپنا بیگ کاندھے میں ڈالے خاموشی سے فرار ہونے کی کوشش کی مگر واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولس موقع واردات پر پہنچ گئی تھی اور واقعے سے باخبر ہوچکی تھی۔ جیسے ہی ونئے بیگ کے ساتھ توحید اسکول کی طرف آگے بڑھتا ہوا نظر آیا۔ پولس نے اُسے روک لیا اور شک کی بنیاد پر پولس تھانہ لے گئی۔ بعد میں پتہ چلا کہ اسی نے دونوں کو چھرا گھونپ کر شدید زخمی کیا تھا۔ پولس نے ونئے کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے اور دونوں زخمیوں کو کنداپور اسپتال میں داخل کردیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ ونئے کا تعلق آسام سے ہے، جبکہ راجیش اور بھاسکر مینگلور کے رہنے والے ہیں۔ ذرائع کے مطابق راجیش اور بھاسکر تین دن پہلے ہی یہاں کام پر آئے تھے۔ اس بات کا پتہ نہیں چل پایا کہ آخر ان تینوں میں جھگڑا کس بات کو لے کر ہوا تھا۔
گنگولی پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے اور پی ایس آئی سُبنّا معاملے کی چھان بین کررہے ہیں۔