گدگ ،20 / اپریل (ایس او نیوز) سٹی میونسپل کاونسل کی صدر کے بیٹے سمیت ایک ہی خاندان کے چار افراد کو نا معلوم قاتلوں آدھی رات کے وقت موت کے گھاٹ اتار دیا ۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق مقتولین کی شناخت سٹی میونسپل کاونسل کی صدر سونندا بالکے کے بیٹے کارتھک (27 سال)، ان کے رشتے دار پرشو رام (55 سال)، پرشو رام کی بیوی لکشمی (45 سال) اور ان کی بیٹی آکانکشا (16 سال) کے طور پر کی گئی ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ 17 اپریل کو کارتھک کی شادی سے متعلق فنکشن میں شرکت کے لئے پرشو رام اور ان کے گھر والے کارتھک کے گھر پر آئے ہوئے تھے ۔
شہر کی داسر گلی میں انجام دی گئی قتل کی اس بھیانک واردات میں قاتلوں نے بالکونی کی کھڑکی کا دروازہ توڑ کر پہلے منزلے پرداخل ہونے کے بعد وہاں پر سو رہے پرشورام اور اس کے اہل خانہ کو تیز دھار والے ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے قتل کیا ۔ جب چیخیں سن کر کارتھک اوپر آیا تو اسے بھی قتل کر ڈالا ۔ پھر نچلی منزل پر اپنے کمرے میں سو رہے پرکاش بالکے اور سونندا بالکے کو قتل کرنے کی نیت سے دروازہ توڑنے کی کوشش کی مگر کمرہ اندر سے بند تھا اور پرکاش بالکے نے فون کرکے پولیس کو اس حملے کی اطلاع دی ۔ اس سے گھبرا کر مجرم موقع پر سے فرار ہوگئے ۔ قتل کی وجوہات کے بارے میں ابھی کوئی بات سامنے نہیں آئی ہے ۔
اس واردات کی خبر ملنے پر ضلع پولیس ایس پی بی ایس نیمے گوڈا، اے ایس پی ایم بی سنکد، ڈی وائی ایس پی انعامدار کے علاوہ بیلگاوی ژون کے آئی جی پی وکاس کمار نے موقع پر پہنچ کر معائنہ کیا اور بتایا کہ قاتلوں کی گرفتاری کے لئے پولیس کی چار خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔