ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کے ایس آر ٹی سی چھ ہزار نئی بسیں خریدے گی: رام لنگا ریڈی

کے ایس آر ٹی سی چھ ہزار نئی بسیں خریدے گی: رام لنگا ریڈی

Tue, 27 Sep 2016 01:02:13    S.O. News Service

بنگلورو۔26/ستمبر(ایس او نیوز) مارچ 2017 کے اختتام تک ریاست کی چاروں ٹرانسپورٹ کارپویشنوں میں چھ ہزار نئی بسیں شامل کی جائیں گی۔یہ بات آج وزیر ٹرانسپورٹ رام لنگا ریڈی نے کہی۔ شہر کے کے ایس آر ٹی ہیڈکوارٹرس میں 30 نئی بسوں کی شمولیت کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ نئی بسوں کی شمولیت کے ساتھ ہی دیہی ٹرانسپورٹ نظام کو اور بھی مضبوط کیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ پہلی بار کے ایس آر ٹی سی نے وولوو آئیشر بسوں کی خریداری کی  ہے۔ ان بسوں کی خریداری اس لئے کی گئی ہے کہ ان میں ایندھن کی کھپت کم ہوتی ہے۔ فی الوقت یہ نئی بسیں کے ایس آر ٹی سی میں کام کریں گی، مرحلہ وار دیگر ٹرانسپورٹ کارپوریشنوں میں بھی 1594وولوو ایشر بسیں خریدی جائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ دیہی ٹرانسپورٹ نظام کو تقویت دینے کے مقصد سے رواں سال چاروں کارپوریشنوں نے 2499 بسیں خرید کر انہیں دیہاتوں میں جاری کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بنگلور انٹرنیشنل ایرپورٹ سے میسور تک کیلئے شروع کی گئی فلائی بس خدمات کو کافی مقبولیت حاصل ہوئی ہے۔ ان خدمات کے تحت سات نئے روٹ شامل کئے جائیں گے۔انہوں نے بتایاکہ ان خدمات میں بنگلور تروپتی، بنگلور مرکیرہ، بنگلور سیلم شامل ہیں۔ فی الوقت بنگلور اور میسور کے درمیان پانچ بسیں دوڑ رہی ہیں، بنگلور اور منی پال کے درمیان دو فلائی بسیں دوڑ رہی ہیں۔ مسٹر ریڈی نے بتایاکہ کے ایس آر ٹی سی کی تمام ڈپوز، بس اسٹانڈوں اور ورک شاپوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ بعض مقامات پر بس اسٹانڈوں کو ترقی دینے کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔اس موقع پر کے ایس آر ٹی سی کے سیکورٹی ڈائرکٹر بی این ایس ریڈی اور دیگر افسران موجود تھے۔
 


Share: