کنداپور ،28 / مئی (ایس او نیوز) بیندور تعلقہ کے بڈاکیرے گاوں میں ساوپرنیکا ندی کے کنارے چھڑی اور ڈوری کی مدد سے مچھلی کا شکار کرتے وقت پیر پھسلنے کی وجہ سے ایک شخص ندی میں ڈوب کر ہلاک ہو گیا ۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق مہلوک شخص کا نام منجو موگویرا (57 سال) ہے ، جو ایک پیشہ ورانہ ماہی گیر تھا اور گہرے سمندر میں مچھلیوں کا شکار کیا کرتا تھا ۔ دو تین دنوں سے چل رہی طوفانی ہواوں کی وجہ سے منجو سمندر میں جانے کے بجائے گھر پر ہی تھا ۔
کل پیر کے دن شام کے وقت اس نے اپنی بیوی کو بتایا کہ وہ چھڑی اور ڈوری کی مدد سے ساوپرنیکا ندی سے مچھلیاں شکار کرنے جا رہا ہے تا کہ کچھ پیسے کمائے جا سکیں ۔ لیکن دیر رات تک وہ واپس نہیں لوٹا تو گھر والوں نے آس پاس کے لوگوں مدد سے اس کی تلاش شروع کی ۔ رات بھر تلاشی کے باوجود اس کا کوئی پتہ نہیں چلا اور آج صبح کے وقت اس کی لاش ندی میں تیرتی ہوئی ملی ۔
سمجھا جاتا ہے کہ مچھلیوں کا شکار کرتے وقت اس کا پیر پھسل گیا ہوگا اور پھر ندی میں ڈوبنے کی وجہ سے اس کی موت واقع ہوئی ہوگی ۔ اس ضمن میں بیندور پولیس اسٹیشن میں کیس درج کیا گیا ہے ۔