نوگاؤں،4؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )تحریکوں کے ذریعے اپنی شناخت بنانے والے آسام کے کسان مکتی سنگرام کمیٹی (کے ایم ایس ایس)کے لیڈر اکھل گوگو ئی کو آج ایک دن کی پولیس ریمانڈ کے بعد وسطی آسام کے نوگاؤ ں ضلع کے کلیابر کے عدالتی مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے اسے 14دنوں کی عدالتی جیل میں بھیج دیا گیا۔واضح رہے کہ پولیس نے گزشتہ اتوار کو دارالحکومت گوہاٹی کے کے ایم ایس یس کے دفتر سے اس کو پریس کانفرنس کے بعد گرفتار کیا تھا۔اس پر قاضی رنگا قومی پارک میں غیر قانونی طور پر قبضہ کرنے والے لوگوں کو ہٹانے گئی پولیس پر حملہ کرنے کے لیے لوگوں کو مشتعل کرنے کا الزام لگا یا گیا ہے ۔اس واقعہ میں پولیس کے ساتھ تصادم میں ایک خاتون سمیت دو افراد کی موت ہو گئی تھی۔پولیس نے دونوں اموات کے لیے اکھل کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کئی دفعات کے تحت کلیابر تھانے میں ایک معاملہ درج کیا ہے۔مقدمہ درج ہونے کے بعد سے ہی اکھل فرار ہو گئے تھے۔پولیس اکھل کو زور و شور سے تلاش کر رہی تھی۔پیشگی ضمانت نہیں ملنے کے بعد اکھل نے اپنی گرفتاری کا ڈرامہ کرنے کے لیے گزشتہ اتوار کو پریس کانفرنس کی، لیکن اسے صاف طور پراکھل کی طرف سے پولیس کے سامنے خودسپردگی کرنے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔