بنگلورو24؍ستمبر(ایس او نیوز)کاویری اور مہادائی آبی تنازعہ میں مداخلت کیلئے وزیر اعظم نریندر مودی پر زور دینے کیلئے آج کانگریس نے پرزور اپیل کی۔ کے پی سی سی کارگذار صدر دنیش گنڈو راؤ نے کہاکہ ان آبی تنازعات کو سلجھانے میں وزیراعظم کو مداخلت پر زور دینے کیلئے ریاستی کانگریس کی طرف سے دستخطی مہم شروع کردی گئی ہے۔تمام دستخطوں کو یکجا کرکے ایک عرض داشت وزیر اعظم کے دفتر روانہ کی جائے گی۔اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے دنیش نے کہاکہ وزیراعلیٰ سدرامیا نے بارہا وزیراعظم کو مکتوب لکھے ہیں کہ مہادائی اور کاویری معاملے میں مداخلت کریں ۔ لیکن وزیراعظم کی طرف سے ان خطوط کا کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ ملک کے بلوچستان کے مسائل کو سلجھانے میں گہری دلچسپی رکھنے والے وزیر اعظم کو کاویری اور مہادائی کے مسائل کو سلجھانے میں عدم دلچسپی کئی طرح کے شکوک وشبہات کو جنم دیتی ہے۔کانگریس کی طرف سے دستخطی اور خطوط روانہ کرنے کی مہم کے ذریعہ وزیر اعظم کو متوجہ کرایا جائے گا کہ کم از کم اب وہ ان معاملات کو سلجھانے پر توجہ دیں۔ اس موقع پر کرناٹک پردیش یوتھ کانگریس کے صدر اور رکن کونسل رضوان ارشد نے کہاکہ بی جے پی میں مودی کی بولی ہی قانون ہے، اس پارٹی کو اصول اور اقدار سے کچھ لینا دینا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی بی جے پی لیڈران کاویری مسئلے پر مودی سے نمائندگی کرنے میں پوری طرح ناکام ہوچکے ہیں ریاست کے ساتھ بارہا ناانصافی کے باوجود یہ لوگ تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ریاست کے بی جے پی لیڈران مودی اور امیت شا کو دیکھتے ہی دہشت زدہ ہوجاتے ہیں، ان کے سامنے ان لوگوں کی زبان ساکت ہوجاتی ہے۔