ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار: یکم جولائی سے ہوگا آئی پی سی اور سی آر پی سی کی جگہ نئے قانون کا نفاذ

کاروار: یکم جولائی سے ہوگا آئی پی سی اور سی آر پی سی کی جگہ نئے قانون کا نفاذ

Sat, 18 May 2024 14:15:49    S.O. News Service

کاروار 18/ مئی (ایس او نیوز) ملک میں آزادی کے بعد سے اب تک تعزیرات ہند (انڈین پینل کوڈ)، فوجداری قانون (کریمنل پروسیجر کوڈ) اور قانون شہادت (ایویڈنس ایکٹ) کے تحت جو مقدمات درج ہوتے تھے ،اب ان کی جگہ یکم جولائی سے 'بھارتیہ نیائے سنہیتے'، 'بھارتیہ ناگرک سرکھشا سنہیتے' اور 'بھارتیہ ساکشیہ سنہیتے' جیسے نئے قوانین جاری ہونگے ، مگر کس معاملے کو کس قانون اور کس دفعہ کے تحت درج کرنا ہے، اس سلسلے میں پولیس افسران پر بھی تفصیل واضح نہیں ہے ۔

    چونکہ یکم جولائی سے نئے قوانین کا نفاذ لازمی ہے اس لئے اب محکمہ پولیس کی طرف سے اب بڑی عجلت میں اپنے افسران کو ان نئے قوانین اور دفعات کے تعلق سے تربیت دینے کے پروگرام وضع کیے جا رہے ہیں ۔

    سمجھا جاتا ہے کہ نئے قوانین اور ان کی دفعات کے تعلق سے مکمل آگہی کے بغیر پولیس افسران کی طرف سے درج کیا گیا   معاملہ اگر کوئی عدالت تک پہنچتا ہے تو وہاں پر محکمہ پولیس کی فضیحت یقینی ہے ۔ اس لئے اعلیٰ پولیس افسران نے اپنے ماتحت افسران کو اس ضمن میں سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ نئے قوانین اور ان کی دفعات اور ان کے اطلاق کے سلسلے میں تمام پولیس افسران پوری طرح باخبر رہیں ۔ 

    اُتر کنڑا ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ وشنو وردھن نے بتایا کہ افسران اور عملے کو ضروری تربیت دی گئی ہے ۔ آنے والے دنوں میں مزید اہلکاروں کو اس کی تربیت دی جائے گی ۔ مجھ سے نچلے درجے کے افسران کو اب تربیت دی جا رہی ہے ۔ ضلع کے تین اعلیٰ پولیس افسران اس معاملے کی تربیت حاصل کرکے لوٹے ہیں ۔ اب ان کے ذریعے ضلع کے دیگر پولیس افسران کو تربیت دی جا رہی ہے ۔ اگلے ایک مہینے کے اندر تمام پولیس افسران اور اہلکاروں کو تربیت دی جائے گی ۔  


Share: