ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار ڈی سی نے کہا : ہِٹ اینڈ رَن سڑک حادثے میں بھی ملتا ہے معاوضہ - متاثرین کو اٹھانا چاہیے فائدہ

کاروار ڈی سی نے کہا : ہِٹ اینڈ رَن سڑک حادثے میں بھی ملتا ہے معاوضہ - متاثرین کو اٹھانا چاہیے فائدہ

Sat, 06 Apr 2024 12:59:20    S.O. News Service

کاروار ،6 / اپریل (ایس او نیوز) اتر کنڑا ڈپٹی کمشنر گنگو بائی مانکر نے بتایا کہ سڑک حادثات میں زخمی یا فوت ہونے والوں کو حادثے کا سبب بننے والی موٹر گاڑی کی انشورنس کمپنی سے جس طرح معاوضہ ادا کیا جاتا ہے ، اسی طرح نامعلوم گاڑیوں کی ٹکر یا ہٹ اینڈ رن معاملے میں زخمی یا فوت ہونے والوں کو بھی معاوضہ ادا کرنے کی اسکیم موجود ہے جس کا فائدہ متاثرین کو اٹھانا چاہیے ۔
    
ڈی سی نے بتایا کہ سینٹرل منسٹری آف روڈ ٹرانسپورٹ اینڈ ہائی ویز اور موٹر وھیکل ایکٹ کے تحت نا معلوم گاڑیوں کی ٹکر سے شدید زخمی ہونے والوں کو 50 ہزار روپے اور فوت ہونے والوں کے اہل خانہ کو 2 لاکھ روپے معاوضہ ادا کرنے کے تعلق سے سرکیولر جاری کیا گیا ہے ۔ 
    
انہوں نے کہا کہ ملک میں ہر سال 60 ہزار سے زیادہ ہٹ اینڈ رن کے حادثے ہوتے ہیں ۔ لیکن ایسے معاملوں میں معاوضہ ملنے کے تعلق سے عوامی بیداری نہ ہونے کی وجہ سے 3 ہزار سے بھی کم متاثرین اس اسکیم کا فائد اٹھاتے ہیں ۔ اس سلسلے میں ہر ضلع میں ڈپٹی کمشنروں کی قیادت میں ایسے حادثات کا معاوضہ ادا کرنے کے لئے کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں ۔ یہ کمیٹیاں حادثے میں زخمی افراد یا فوت ہونے والوں کے اہل خانہ کی طرف سے موصول ہونے والی درخواستوں پر غور کرنے اور معاوضہ منظور کرنے کی ذمہ دار ہوتی ہیں ۔ 
    
ہٹ اینڈ رن حادثے میں معاوضہ کے لئے شدید زخمی شخص یا فوت شدہ فرد کے اہل خانہ کی طرف سے متعلقہ مقام کے تحصیلدار یا اسسٹنٹ کمشنر کے نام درخواست دینی ہوگی ۔ جس کے ساتھ حادثے کی رپورٹ، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے علاوہ آئی ڈی پروف اور بینک پاس بک کی کاپی منسلک کرنی ہوگی ۔ جسے متعلقہ افسر کی طرف سے ڈی سی کو بھیجا جائے گا اور معاملے کے تصفیہ کے لئے قائم کمیٹی میں معاوضہ کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا ۔ 


Share: