نئی دہلی، 5/ جون (ایس او نیوز /ایجنسی) وزیراعظم نریندر مودی نے انتخابات کے دوران مسلمانوں کے خلاف جس طرح کے نفر ت انگیز خطابات کئے تھے اور مسلم لیڈرشپ کو ختم کرنے کی جو کوششیں کی تھیں، وہ لگتا ہے کہ ناکام ہوگئیں اور اس بار کے لوک سبھا انتخابات میں 24 مسلم نمائندے بشمول دو خواتین، پارلیمانی انتخابات جیتنے میں کامیاب ہوگئے۔ البتہ اس بار کے انتخابات میں مسلم نمائندگی 27 سے گھٹ کر 24 ضرور ہوگئی۔
17 ویں لوک سبھا کے انتخابات میں مسلم امیدواروں کو مسلم امیدواروں سے شکست میں یو ڈی ایف کے مولانا بدر الدین اجمل شامل ہیں‘انہیں آسام میں کانگریس کے رقیب الحسن نے دس لاکھ سے بھی زائد ووٹوں سے شکست دی۔اسی طرح بہار کے کشن گنج میں جے ڈی یو کے مجاہد عالم اور مجلس کے اختر الایمان کو کانگریس کے محمد جاوید عالم نے شکست دے دی۔ جموں وکشمیر کے سابق وزیراعلیٰ عمر عبداللہ کو بھی شرمناک ہار کا سامنا کرنا پڑا جب بارہمولہ کشمیر سے عمر عبداللہ کو ا آزاد اُمیدوار نجینئر عبدالرشید نے شکست دیدی۔ ان کے ساتھ جموں وکشمیر کی ایک اور سابق وزیراعلیٰ اور پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی بھی اس بار کے انتخابات میں شکست کھا گئی ، انہیں نیشنل کانفرنس کے میاں الطاف احمد نے شکست دے دی۔
کامیاب مسلم امیدواروں کی تفصیلات اس طرح ہیں۔ حیدرآباد (تلنگانہ)سے بیرسٹر اسد الدین اویسی کل ہند مجلس اتحاد المسلمین‘ غازی پور (یوپی) سے افضل انصاری سماج وادی پارٹی‘ رام پور (یوپی) سے محبوب اللہ، سماج وادی پارٹی‘ سہارنپور (یوپی) سے عمران مسعود کانگریس‘سنبھل (یوپی) سے ضیاء الرحمن سماج وادی پارٹی‘ کیرانا (یوپی) سے محترمہ اقراء حسن چودھری سماج وادی پارٹی‘ دھوبری (آسام) سے رقیب الحسن کانگریس‘ کٹیہار (بہار) سے طارق انورکانگریس‘ کشن گنج (بہار)سے محمد جاوید عالم کانگریس‘ اننت ناگ (کشمیر) سے میاں الطاف احمد نیشنل کانفرنس‘ بارہمولہ (کشمیر)سے انجینئر شیخ عبدالرشید آزاد‘ سری نگر (جموں)سے آغا سید روح اللہ مہدی نیشنل کانفرنس‘ ملا پورم (کیرالا) سے ای ٹی محمد بشیر مسلم لیگ‘ وڈکارا (کیرالا) سے شفیع پرمل کانگریس‘ پونانی (کیرالا) سے ڈاکٹر عبدالصمد صمدانی مسلم لیگ‘ بہرام پور (مغربی بنگال) سے کرکٹر یوسف پٹھان ٹی ایم سی‘ بشیرہاٹ (مغربی بنگال) سے شیخ نورالاسلام ٹی ایم سی‘ جوگی پور (مغربی بنگال) سے خلیل الرحمن ٹی ایم سی‘ مالدہ جنوب (مغربی بنگال) سے یٰسین خان چودھری کانگریس‘ مرشد آباد (مغربی بنگال) سے ابو طاہر خان ٹی ایم سی‘ الوبیریا (مغربی بنگال) سے سجدہ احمد ٹی ایم سی‘ لکشادیپ سے محمد حمداللہ سعید کانگریس‘ رامنتا پورم (تمل ناڈو) سے کے کے نواز مسلم لیگ‘ لداخ سے محمد حنیفہ آزاد نے کامیابی حاصل کیں۔
ایک خبر رساں ادارے کی رپورٹ کی مطابق اس بار کے لوک سبھا انتخابات میں 78 مسلم اُمیدوار میدان میں تھے، جبکہ گذشتہ یعنی 2019 کے انتخابات میں مسلم اُمیدواروں کی تعداد 115 تھیں۔