ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / نیشنل ہائی وے توسیع کا معاملہ ؛ ڈی سی نے کیا تحویل اراضی کے افسر کو برخاست

نیشنل ہائی وے توسیع کا معاملہ ؛ ڈی سی نے کیا تحویل اراضی کے افسر کو برخاست

Wed, 28 Sep 2016 12:48:10    S.O. News Service

کاروار 27/ ستمبر (ایس او نیوز) ایڈیشنل ڈی سی ضلع کاروار کی طرف سے جاری کردہ ایک حکم نامے کے مطابق نیشنل ہائی وے کی توسیع کے لئے درکار زمینوں کو تحویل میں لینے کے ذمہ دار افسر کو اس کے عہدے سے برخاست کردیا گیا ہے۔

نیشنل ہائی وے اتھاریٹی آف انڈیا کے ذریعے قومی شاہراہ 66کی توسیع کاکام جو چل رہاہے اس کے لئے درکار زمینوں کو تحویل میں لینے کے لئے ایک خصوصی افسر ہوتا ہے جس کی ذمہ داری ہے کہ متعلقہ زمینوں کی جانچ کرے اور انہیں تحویل میں لے کر شاہراہ کی توسیع کا کام تیز رفتاری سے آگے بڑھانے میں تعاون کرے۔

سرکار کی طرف سے اس کام کے لئے بسوراج جی این کو مقرر کیا گیاتھا۔ پہلے اس افسر کو اڈپی میں رہنا ہوتا تھا، بعد میں بھٹکل ، ہوناور، کمٹہ، انکولہ اور کاروار وغیرہ کے لئے دشواری محسوس کرتے ہوئے کچھ تبدیلیاں کیں۔ کاروار ،انکولہ اور کمٹہ کے اسسٹنٹ کمشنروں کو وہاں اس علاقے میں تحویل اراضی کاذمہ دار بنایا گیا۔ ہوناور اوربھٹکل کے لئے مسٹر بسواراج کو ہی برقرار رکھتے ہوئے اس کا صدر مقام ہوناور کردیا گیا تھا۔

لیکن ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ مسٹر بسوراج اپنے کام میں دلچسپی نہیں لیتے۔ توسیع کا کام انتہائی سست رفتاری سے انجام دیا جارہا ہے۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ہوناور اور بھٹکل تعلقہ کے مختلف مقامات پر تحویل اراضی کا کام نامکمل ہے اور اسے پورا کرنے کے لئے بار بار یاددہانی کرنے کے باوجود مسٹر بسواراج کسی کی بھی بات پر کان نہیں دھرتے۔اس معاملے پر توجہ دلانے کی کوشش اس لئے بھی ناکام ہورہی ہے کہ مسٹر بسواراج بشمول ڈپٹی کمشنر کسی بھی اعلیٰ افسر کا فون ریسیو نہیں کررہے ہیں۔ ڈی سی کا کہنا ہے کہ ان کے اس غیر ذمہ دارانہ رویے سے ضلع انتظامیہ اور حکومت کا نام خراب ہورہا ہے اورہائی وے اتھاریٹی کی طرف سے شاہراہ کی توسیع کا کام آگے نہ بڑھنے کے لئے حکومت کو ذمہ دار ٹھہرایا جارہا ہے۔ لہٰذا مسٹر بسواراج کو تحویل اراضی افسر کے عہدے سے برخاست کردیا گیا ہے ۔ اب ان کی جگہ سرکارکی طرف سے نئے افسر کا تقرر ہونے تک یا پھر بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر اپنی ڈیوٹی پر حاضر ہونے تک سرسی کے اسسٹنٹ کمشنراس علاقے میں تحویل اراضی افسر ہوناور کا چارج سنبھالیں گے۔

 

 


Share: