بنگلورو،3؍اکتوبر(ایس او نیوز) شہر میں زیر استعمال میٹرو ریل گاڑیوں میں اضافی بوگیاں خریدنے کیلئے بنگلور میٹرو ریل کارپوریشن نے 150بوگیوں کی خریداری کے مقصد سے بین الاقوامی ٹنڈر کا عمل شروع کیا ہے۔ آج بی بی ایم پی کے منیجنگ ڈائرکٹر پردیپ سنگھ کھرولہ نے بتایاکہ فی الوقت بی ایم آر سی ایل کے پاس دستیاب 50 ریل گاڑیوں میں بوگیوں کی تعداد کو دوگنا کرنے کیلئے بین الاقوامی ٹنڈر طلب کیاجاچکا ہے۔ فی الوقت ہر میٹرو ٹرین میں تین بوگیاں ہیں ان بوگیوں کی تعداد کو تین سے بڑھا کر چھ کیا جائے گا۔ اس کیلئے 150افزود بوگیاں درکار ہیں۔انہوں نے بتایاکہ ایک بوگی کی لاگت 9 کروڑ روپے ہوتی ہے۔ اے ایف ڈی کے ذریعہ سے اس منصوبے کیلئے 1350کروڑ روپے بطور قرض لئے گئے ہیں۔ 12تا14ماہ میں اس منصوبے کو مکمل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ فی الوقت روزانہ میٹرو ٹرین سے 1.7 لاکھ مسافر سفر کررہے ہیں۔ آنے والے دنوں میں اس تعداد کومزید بڑھانے کی طرف توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے بتایاکہ ٹرینوں میں نئی بوگیاں شروع کرنے کے بعد خواتین کیلئے علیحدہ بوگی کا نظام بھی رائج کیا جائے گا۔