ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مینگلور: دکشن کنڑا میں گرمی کی تعطیل کے بعد بدھ سے کھل رہے ہیں اسکول

مینگلور: دکشن کنڑا میں گرمی کی تعطیل کے بعد بدھ سے کھل رہے ہیں اسکول

Tue, 28 May 2024 12:27:14    S.O. News Service

منگلورو،  28 / مئی (ایس او نیوز) گرمی کی چھٹیوں کے بعد دکشن کنڑا میں تعلیمی سال 25-2024  کا آغاز کل بدھ، 29 مئی سے ہو رہا ہے اور اسکولوں میں طلبہ کے استقبال کے لئے تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں ۔
    
محکمہ تعلیمات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ضلع کے سرکاری اسکولوں میں تمام طلبہ کے یونیفارم کے دو سیٹس کی صد فی صد اور کتابوں کی 57 فی صد سپلائی ہو چکی ہے ۔ 31 مئی سے مکمل پیمانے پر اسکولوں کی سرگرمیاں شروع ہو جائیں گی ۔
    
دکشن کنڑا ضلع نے تعلیمی سال 24-2023 کے ایس ایس ایل سی امتحانات میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور جاری تعلیمی سال کے لئے آئندہ سال ہونے والے امتحانات میں بھی بہترین نتائج لانے کی سمت میں ضلع انتظامیہ کی طرف سے تیاریاں کی جا رہی ہیں ۔ دوپہر کے کھانا، پینے کا پانی اور کلاس رومس کی مرمت جیسے تمام امور کی انجام دہی کے لئے اسکول کے ہیڈ ماسٹروں نے کمر کس لی ہے ۔
    
دکشن کنڑا میں اول جماعت سے دسویں جماعت کی تعلیم کے لئے جملہ 1781 اسکول ہیں جن میں  1,063 سرکاری اسکول، 285 سرکاری امداد والے اسکول، 394 غیر امدادی اسکول شامل ہیں ۔ چونکہ سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی بہت زیادہ کمی ہے اس لئے دکشن کنڑا محکمہ تعلیمات کی طرف سے پرائمری اسکولوں کے لئے 1079 اور ہائی اسکولوں کے لئے 249 مہمان اساتذہ فراہم کرنے کی مانگ حکومت کے سامنے رکھی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ 356 اسکول ایسے ہیں جہاں کمروں کی چھتیں، دیواریں، کمپاونڈ کی دیواریں، مین گیٹ وغیرہ کی مرمت کی ضرورت ہے ۔  


Share: