ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / میئر پدماوتی سٹی مارکیٹ کی گندگی دیکھ کر ششدر،فوری طور پر بازار کی صفائی یقینی بنانے افسران کو ہدایت

میئر پدماوتی سٹی مارکیٹ کی گندگی دیکھ کر ششدر،فوری طور پر بازار کی صفائی یقینی بنانے افسران کو ہدایت

Sat, 15 Oct 2016 11:43:46    S.O. News Service

بنگلورو،14؍اکتوبر(ایس اونیوز)برہت بنگلور مہانگر پالیکے کی میئر پدماوتی نے آج شہر کے مصروف ترین سٹی مارکیٹ کی زبوں حالی کا معائنہ کیا اور یہاں کی گندگی اور بدانتظامی کو دیکھ کر ششدر رہ گئیں ۔صفائی کے ناقص انتظام پر انہوں نے بی بی ایم پی افسران کو آڑے ہاتھوں لیا۔ جابجا مارکیٹ کے احاطہ میں گندگی کے ڈھیروں کو دیکھ کر اسے ہٹانے پہل کرنے میں ناکام افسران اور عملے کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے یہاں کے اسسٹنٹ انجینئر بسوراج کو معطلی کیلئے وجہ بتاؤ نوٹس جاری کرنے کے ساتھ 50؍ افسران کے آدھے ماہ کی تنخواہ کاٹے جانے کی ہدایت دی۔ بحیثیت میئر پہلی بار سٹی مارکیٹ کا دورہ کرتے ہوئے انہوں نے جہاں کا معائنہ کیا وہاں گندگی کے ڈھیر نظر آئے۔میئر کے ساتھ موجود بی بی ایم پی جوائنٹ کمشنر سرفراز خان نے بھی سٹی مارکیٹ کی زبوں حالی کیلئے ذمہ دار افسران کو آڑے ہاتھوں لیا۔ اور کہاکہ تجارت کی اس جگہ کو پاک صاف رکھنا بی بی ایم پی عملے اور افسران کی ذمہ داری ہے، لیکن ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ان تمام نے اپنے فرائض کی انجام دہی میں کوتاہی برت رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کل ہی سے سٹی مارکیٹ کی صفائی کیلئے آٹھ مخصوص گاڑیاں متعین کی جائیں گی۔ میئر پدماوتی نے یہ ہدایت دی کہ یہاں کی بدحالی کیلئے ذمہ دارافسران کے خلاف بلامروت کارروائی کی جائے اور ان کے خلاف وجہ بتاؤ نوٹس جاری کرنے کے ساتھ ان کی تنخواہوں میں کٹوتی کردی جائے ۔ میئر نے سٹی مارکیٹ کے تہہ خانہ میں موجود پارکنگ لاٹ کا اندھیرے میں ہی معائنہ کیا اور پارکنگ لاٹ میں برسوں سے کھڑی گرد آلود گاڑیوں کے ڈھیر کو دیکھ کر افسران کو اس کیلئے آڑے ہاتھوں لیا، اور فوری طور پر ان گاڑیوں کو وہاں سے ہٹانے کی ہدایت جاری کی۔ سٹی مارکیٹ کے دکانداروں کی طرف سے اپنی دکانوں کے روبرو ہی کوڑا کرکٹ کے ڈھیر لگائے جانے اور دکان کے باہر کی جگہ پر بھی قبضہ کرلینے پر اپنی شدید برہمی کا اظہار کیا اور ان دکانداروں پر کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہاکہ سٹی مارکیٹ کے پارکنگ لاٹ میں فوری طور پر روشنی کا انتظام کیا جائے۔ جس نے بھی پارکنگ کنٹراکٹ لیا ہے کل تک اگر اس نے روشنی کا انتظام نہیں کیا تو ایک بلب کے عوض روزانہ ایک ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا جائے۔ یہاں کے بیت الخلاء کی بدحالی اور جابجا غلاظت پر یہاں کے صفائی کرمچاریوں کولتاڑتے ہوئے میئر نے فوری طور پر اس کی صفائی کا حکم دیا۔اس موقع پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے میئر نے کہاکہ یہاں کے تاجر اور خاکروبوں کو مل کر بازار کی صفائی کی مہم میں حصہ لینا ہوگا۔ آئندہ ہفتہ سے ہر ہفتہ وہ خود سٹی مارکیٹ کا معائنہ کریں گی اور اگر یہاں صفائی کا اہتمام نہ رہا تو اس کیلئے ذمہ دار کنٹراکٹر ، انجینئر ، صفائی کرمچاریوں وغیرہ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے فوری طور پر مارکیٹ میں جمع گندگی کے ڈھیروں کو ہٹانے کی ہدایت دی۔ 


Share: