بنگلورو،4؍اکتوبر(ایس اونیوز) بلگام میں جاری بی جے پی مجلس عاملہ میٹنگ کے دوسرے دن آج کرناٹک سے وابستہ مہادائی اور کاویری امور پر تفصیلی بحث کی گئی۔یہاں کے دھرمناتھ بھون میں جاری مجلس عاملہ میٹنگ کے دوسرے دن پارٹی لیڈران نے مہادائی اور کاویری تنازعہ کی مستقل یکسوئی کیلئے زور دیا اور اس سلسلے میں مختلف پہلوؤں پر تبادلۂ خیال کیا۔ ان دونوں تنازعات میں مرکزی حکومت کا کردار کیا ہے اور اس کیلئے پارٹی کے قائدین اور اراکین پارلیمان کیا کرسکتے ہیں اس پر بحث ہوئی۔ یہ محسوس کیاگیا کہ مہادائی اور کاویری معاملہ میں کرناٹک کے ساتھ مسلسل ناانصافی ہورہی ہے۔ناانصافی کے اس سلسلے کو ختم کرنے کیلئے فوری طور پر مرکزی حکومت کو پہل کرنی چاہئے۔اس دوران مجلس عاملہ کی میٹنگ کے پہلے روز پارٹی لیڈران جگدیش شٹر ، ایشورپا ، سی ٹی روی وغیرہ نے حصہ نہیں لیا، باقی تمام نے اس میں شرکت کی۔ بی جے پی کے مرکزی ترجمان رام لعل بھی میٹنگ میں شریک ہوئے اور کاویری آبی تنازعہ کے سلسلے میں انہوں نے اپنے مشورے بھی دئے۔ آنے والے انتخابات کی تیاریوں پر بھی میٹنگ میں تبادلۂ خیال کیاگیا اور پارٹی کو ابھی سے مستعد کرنے پر زور دینے کے ساتھ پارٹی میں جاری اختلافات کو ختم کرنے پر بھی زور دیاگیا۔ بی جے پی ریاستی صدر یڈیورپا ، اراکین پارلیمان سریش انگڑی ، پرتاب سمہا ، کرناٹک میں بی جے پی امور کے انچارج مرلی دھر راؤ وغیرہ موجود تھے۔ میٹنگ میں میڈیا کے داخلہ پر بی جے پی نے اپنے طور پر پابندی عائد کردی تھی۔