مینگلور 23 / مئی (ایس او نیوز) پرتشدد مظاہرے کے سلسلے میں بیلتنگڈی رکن اسمبلی ہریش پونجا پر دو ایف آئی آر داخل کرنے کے بعد جب پولیس انہیں گرفتار کرنے ان کے گھر پہنچی تو پولیس کو بڑی مزاحمت کا سامنا کرنا اور دن بھر کی کوشش کے باوجود ایم ایل اے کو گرفتار کیے بغیر ہی پولیس کو واپس لوٹنا پڑا۔ اس کے بعد رات کے وقت ہریش پونجا نے پولیس اسٹیشن پہنچ کر خود کوسرینڈرکیا جس کے بعد پولس اسٹیشن میں ہی اُنہیں ضمانت دیتے ہوئے رہا کر دیا گیا۔
بدھ کی صبح پولیس کے اعلیٰ افسران کی ٹیم اپنے عملے کے ساتھ جب ایم ایل اے ہریش پونجا کو حراست میں لینے کے لئے ان کے گھر پہنچی تو وکلاء کی ایک ٹیم اور بی جے پی کارکنان کی بڑی تعداد نے وہاں جمع ہو کر پولیس کو گھر کے اندر گھسنے نہیں دیا۔ اس دوران ایم ایل اے پونجا اپنے گھر سے لاپتہ ہو گیا۔
بتایا گیا ہے کہ ہریش پونجا کے گھر پر موجود دکشن کنڑا ایم پی نلین کمار کٹیل نے مداخلت کرتے ہوئے پولیس کو سمجھایا کہ ایم ایل اے کے گھر کے پاس موجود پولیس فورس کو ہٹایا جائے، کٹیل نے کہا کہ وہ خود ذاتی طور پر ہریش پونجا کو تفتیش کے لئے پولیس اسٹیشن میں حاضر کرنے کی ذمہ داری لیتے ہیں۔ رکن پارلیمان کی طرف سے تیقن ملنے کے بعد پولیس والے ایم ایل اے کو اگلے تین دنوں کے اندر تفتیش کے لئے حاضر ہونے کا نوٹس تھما کر واپس لوٹ آئے۔
اس کے بعد رات 9:30 بجے رکن اسمبلی ہریش پونجا نے اپنے آپ کو پولیس کے سامنے سرینڈر کیا جس کے بعد پرتشدد مظاہرے کے سلسلے میں اس سے پوچھ گچھ کی گئی اور پھر ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔