منگلورو ،22/ مئی (ایس او نیوز) شیراڈی گھاٹ پر ٹرک اور کار کے بیچ تصادم کی وجہ سے کار میں سفر کر رہے ایک ماں اور بیٹے کی موت واقع ہوئی جبکہ دیگر بچوں سمیت کچھ لوگ شدید زخمی ہوگئے ۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق فوت ہونے والوں کی شناخت پانیمنگلورو بونڈالا کے رہنے والے شبیر شبیر کی بیوی صفیہ (50 سال) اور ان کے بیٹے محمد شفیق (20 سال) کے طور پر کی گئی ہے ۔ زخمیوں میں تین بچوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے ۔ یہ لوگ بینگلورو میں ایک رشتے دار کے یہاں شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد انووا کار میں منگلورو کی طرف واپس لوٹ رہے تھے ۔ یہ لوگ بینگلورو سے آدھی رات کے وقت سفر پر نکلے تھے مگر شیراڈی گھاٹ پر ٹرک نے ان کی کار کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں دو افراد کی موت ہوگئی ۔
معلوم ہوا ہے حادثے میں فوت ہونے والا شفیق انجینئرنگ کا طالب علم تھا اور وہی کار ڈرائیو کر رہا تھا ۔ ماں اور بیٹے کی نعشوں کو منگلورو کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں منتقل کیا گیا جبکہ زخمیوں کو علاج کے لئے شہر کے ایک اور اسپتال میں داخل کیا گیا ہے ۔